• Tuesday, 29 November 2022
پاکستانی بیٹنگ لائن دوبارہ فلاپ، زمبابوے سے بھی شکست

پاکستانی بیٹنگ لائن دوبارہ فلاپ، زمبابوے سے بھی شکست

پرتھ (نیا ٹائم سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ٹو کے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن  دوبارہ فلاپ ہو گئی ، بھارت کے بعد قومی ٹیم کو زمبابوے نے بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

قومی ٹیم 131رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔کپتان بابر اعظم ایک بار پھر اچھی کارکردگی دکھانے میں  ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا سکے ، رضوان 14، افتخار احمد 5 اور شاداب خان 17رنز بنا سکے ۔ حیدر علی صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے ، بیٹر شان مسعود 44 محمد نواز 22 رنز بناکر  نمایاں رہے ۔ زمبابوے کی طرف سے سکندر رضا نے 3 جبکہ براڈ ایون نے 2 کھلاڑیوں کو  آؤٹ کیا ۔

ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ، پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔دو میچز میں شکست کے بعد قومی ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان مشکل ہو گیا ہے ۔

پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ گراؤنڈ (واکا) میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے ٹیم کے کپتان گریک اروائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 

زمبابوے کی طرف سے کریگ اروائن اور ویسلے مدھیویر نے اننگز کا آغاز کیا اور  بغیر کسی نقصان کے ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا، ویسلے مدھیویر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، جبکہ اروائن نے 19 ، ملٹن شمبا 8 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان نے اپنی ہی گیند خود کیچ کر کے شکار کیا ۔ پھر14 ویں اوور میں دوبارہ شاداب خان نے پہلے سین ولیمز کو 31 رنز پر بولڈ اور اگلی ہی گیند پر ریگس چکا بوا کو بھی سلپ میں بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ شاداب خان نے 4 اوورز میں 23 رنز کے بدلے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اگلے اوور میں محمد وسیم جونیئر نے سکندر رضا کو 9 رنز پر پویلین بھجوایا اور اگلی ہی گیند پر لیوک جونگوی کو بھی بولڈ کر دیا۔محمد وسیم جونیئر نے شاندار بولنگ سپیل کروایا اور 4 اوورز میں 24 رنز کے بدلے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ حارث رؤف نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز کے بدلے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔

آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی ، آصف علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیاتھا ، قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی، دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد اور حیدر علی شامل تھے ۔ محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی پلیئنگ الیون  میں شامل تھے ۔

واضح رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے میچ  میں ہی پاکستان کو بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور میں 4 رنز سے شکست دی تھی ۔ اس سے قبل زمبابوے کا جنوبی افریقا سے ہونے والا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا  جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

 

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر پوکووسکی کا کیریئر سے متعلق اہم فیصلہ