شہباز شریف کی بڑی کامیابی ، سعودی عرب میں قید تمام پاکستانی رہا

شہباز شریف کی بڑی کامیابی ، سعودی عرب میں قید تمام پاکستانی رہا

مدینہ منورہ (نیا ٹائم ویب ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران شہباز شریف کی درخواست پر سعودی عرب کے وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان نے مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی کے جرم میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے  کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ کے دوران سعودی ولی عہد سے واقعہ کے بعد گرفتار پاکستانیوں کی رہائی اور درگزر سے کام لینے کی درخواست کی تھی۔جس کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں کی رہائی پر سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عطاء فرمائے۔

واضح رہے مدینہ منورہ کی عدالت نے مسجد نبوی ہنگامہ آرائی کیس میں 3 پاکستانیوں کو 8 سال اور 3 کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ہنگامہ آرائی میں قید خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال جبکہ انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔ ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی ہنگامہ آرائی کے الزام میں 3 سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی ۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے گزشتہ دورہ مسجد نبویﷺ کے دوران وفاقی وزرا کی موجودگی کے موقع پر کچھ افراد نے چور چور کےنعرے لگائے تھے۔جس پر سعودی حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث افراد کو قید کی سزا سنائی تھی ۔

پاکستانیوں کی رہائی کے فیصلے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے میری درخواست پر اپریل 2022 میں پیش آنے والے مسجد نبوی واقعہ کے تمام گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔

 

مسجد نبویﷺہنگامہ آرائی واقعے پر سعودی ولی عہد کا بڑا فیصلہ