روا ں مالی سال لیے گئے غیرملکی قرضوں کی تفصیلات جاری

روا ں مالی سال لیے گئے غیرملکی قرضوں کی تفصیلات جاری

اسلام آباد(نیا ٹائم) اقتصادی امور ڈویژن نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں لیے گئے قرض کی تفصیلات جاری کر دیں جس کے مطابق  پاکستان کو غیر ملکی ذرائع سے قرض اور امداد لینے میں دشواری کا سامنا  ہے جبکہ  رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں قرض و امداد میں 30  فیصد کمی ہوگئی۔

 

اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو پہلی سہ ماہی میں 2 ارب 23 کروڑ ڈالر کا قرض مل سکا جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو 3 ارب 20 کروڑ ڈالر ملے تھے۔رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 2 ارب 20 کروڑ ڈالر کا قرض اور 2 کروڑ 89 لاکھ ڈالر امداد شامل ہے۔ پاکستان کو سب سے زیادہ آئی ایم ایف نے ایک ارب 16 کروڑ 61 لاکھ ڈالر دئیے جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور غیرملکی کمرشل بینکوں سے بھی پاکستان کو کچھ بھی موصول نہ ہوا۔

 

رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے آئی ڈی  اے کے تحت 41 کروڑ ڈالر،ایشیائی ترقیاتی بینک نے 11 کروڑ ڈالر جبکہ  اسلامی ترقیاتی بینک نے 10 کروڑ ڈالر کا قلیل المدتی قرضہ دیا۔چین نے 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر،کوریا نے ایک کروڑ ڈالر،فرانس نے 40 لاکھ ڈالر فراہم کئے اور اس طرح  پہلی سہ ماہی میں سعودی عرب نے تیل فیسیلٹی کی مد میں 30 کروڑ ڈالر دیے جبکہ  امریکہ  کی جانب سے ساڑھے 99 لاکھ ڈالرز دئیے گئے اوراس طرح  پہلی سہ ماہی میں قرض و امداد میں 30  فیصد کمی ہوگئی۔

 

 

بڑی صنعتوں کی پیداوار کے اعداد و شمار جاری