عمران خان کی نااہلی مقام عبرت ہے ، شہباز شریف

عمران خان کی نااہلی مقام عبرت ہے ، شہباز شریف

لاہور (نیا ٹائم)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کل الیکشن کمیشن کا فیصلہ آگیا کہ عمران نیازی سرٹیفائیڈ چور اور خائن ہے، عمران خان کی نا اہلی خوشی نہیں بلکہ مقام عبرت ہے، کسی سرٹیفائیڈ چور کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

لاہور میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ شخص سب کو چور ڈاکو کہتا تھا، اسی چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں عمران خان کہتا تھا یہ قابل اور ایماندار شخص ہیں، اُسی الیکشن کمشنر عمران خان کو کرپٹ پریکٹس پر نا اہل قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ 2018 میں بدتین دھاندلی کے ذریعے عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان بنوایا گیا، تحفے بیچ کر اگر آپ نے پورے پیسے قومی خزانے میں جمع کروائے ہوتے تو ہم آپ کی تعریف بھی کرتے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دبئی میں جس دکان سے عمران خان کے لیے تحفہ بنوایا گیاتھا ، یہ اسی دکان پر گھڑی فروخت کرنے پہنچ گئے ، قوم کو پتہ ہونا چاہئے کہ وہ کون ہے جو تحفے بیچ کر پیسے جیب میں ڈال کر نکل گیا، انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی قانون موجود نہیں جس کے تحت پہلے آپ تحفے بیچ دیں اور بعد میں پیسے توشہ خانے میں جمع کروا دیں ۔ اس سے بدترین مثال کوئی نہیں ، پہلے گھڑی بیچ دی اور بعد میں اس کے 20 فیصد پیسے خزانے میں جمع کروا دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی جھوٹ اور بددیانتی کا مجسمہ ثابت ہوا ہے، اگر عمران خان کے خلاف فیصلہ نواز شریف نے لکھوایا ہے تو کیا نواز شریف کے خلاف آنے والا اقامے کا فیصلہ بھی عمران خان نے لکھوایاتھا؟ عمران خان نے جب دیکھا کہ لوگ ان کے حق میں باہر نہیں نکلے تو انہوں نے کارکنوں سے گھروں کو واپس چلے جانے کا کہہ دیا، انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں میں گالی گلوچ اور قوم کو تقسیم کرنے سے ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ، اس کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنے  کی ضرورت ہے ۔

ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا بڑی کامیابی ہے جس کیلئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور حنا ربانی کھر نے اہم کردار ادا کیا ،پاکستان کو اس معاملے میں کامیابی سے ہمکنار کرنے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی انتہائی ذمہ داری  کے ساتھ کام کیا ، انہوں نے کہا کہ بطور اپوزیشن ہم نے بھی ایف اے ٹی ایف کے بل میں پوری طرح ساتھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ  نواز شریف دور میں پاکستان گرے لسٹ میں شامل نہیں تھا۔

وزیراعظم نےکہا کہ  کسی سرٹیفائیڈ چور کو اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیں گے،اور اگر خلاف ورزی کی کوشش کی گئی تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ابھی دور ہیں، معیشت کو بہتر کیے بغیر انتخابات میں جانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں ۔

وزیرا عظم نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری آئینی معاملہ ہے اور یہ حکومت کا آئینی اختیار ہے، جو نام بھی آئیں گے اس پر حکومت خود فیصلہ کرے گی، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہم کام کرتے رہیں گے، ملک کی بہتری کے لیے ہر در پر جانے کو تیار ہیں ، نواز شریف جب وطن واپس آئیں گے تو انہیں لینے میں خود ائیرپورٹ جاؤں گا۔

 

اینٹی کرپشن نے رانا ثنا اللہ کیخلاف اہم شواہد حاصل کر لیے