وفاقی حکومت کا ملیریا سے نمٹنے کیلئے بھارت سے مدد لینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا ملیریا سے نمٹنے کیلئے بھارت سے مدد لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیا ٹائم) وفاقی حکومت نے بھارت سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ، حکومت نے بھارت سے مچھر دانیاں خریدنے کیلئے وزارت صحت کو اجازت دے دی۔

وزارت صحت حکام کے مطابق پاکستان بھارت سے 62 لاکھ مچھردانیاں  خریدے گا ، بھارت سے مچھر دانیاں خریدنے کے لیے مالی وسائل عالمی ادارہ گلوبل فنڈز فراہم کرے گا، گلوبل فنڈ کے مالی وسائل  کے ذریعے عالمی ادارہ صحت پاکستان کے لیے مچھر دانیاں خرید رہا ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کوشش کریں گے مچھر دانیاں جلد از جلد واہگہ بارڈر  کے راستے پاکستان پہنچ جائیں تاہم 62 لاکھ مچھردانیوں  کے بھارت سے نومبر کے وسط تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے ۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق پاکستان کے 32 سیلاب زدہ اضلاع میں سیلاب کے بعد ملیریا نے تباہی پھیلا دی ہے ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ملیریا میں مبتلا بچوں کے علاج میں بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، اس وقت سیلاب زدہ علاقوں میں محکمہ صحت کیلئے ملیریا سب سے بڑا پبلک ہیلتھ ایشو بن کر سامنے آرہا ہے۔

واضح رہے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں دو ماہ گزرنے کے بعد بھی کئی علاقوں میں تاحال سیلابی پانی موجود ہے ، لوگوں تک امداد پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم سیلابی پانی کی موجودگی کی وجہ سے علاقوں میں گیسٹرو ، ملیریا اور دیگر وبائی امراض عام ہو گئے ہیں ۔

 

ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کم ہونے لگی