میری بریت نے نواز شریف کوبھی سرخرو کیا ، مریم نواز

میری بریت نے نواز شریف کوبھی سرخرو کیا ، مریم نواز

اسلام آباد  (نیا ٹائم) مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج میری بریت سے نواز شریف بھی سرخرو ہوئے ہیں  ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 6 سال تک اس کیس میں جھوٹ بولا جاتا رہا ، آج اللہ نے ہمیں عزت کے ساتھ سرخرو کیا ہے ۔ عمران خان کو قوم کو جواب دینا پڑے گا کہ انہوں نے کیوں جھوٹ بولا اور بہتان تراشی کی ۔ جس شخص نے جھوٹ بولا تھا آج اس کا چہرہ دیکھنا چاہتی ہوں ۔ آج اللہ نے تمہیں ناکام و نامراد اور جھوٹ ثابت کیا ہے ۔ تم ناکام ٹھہرے اور اللہ نے نواز شریف کو سرخرو کیا ۔ جلد نواز شریف بھی وطن واپس آئیں گے ۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ایک بے بس شخص ہے ، اس مقدمے کا بینیفشری کون ہے سب جانتے ہیں وہ بیساکھیوں پر اس مقدمے کے ذریعے  آیا ان کے کوچز کا بھی کام ختم ہو گیا ۔

امریکی مراسلے کے حوالے سے لیک ہونے والی آڈیو کے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ وزیر اعظم کے کمرے میں بیٹھ کر دو شیطانی دماغوں نے جھوٹ پر مبنی کہانی گھڑی ، اس معاملے پر اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونا چاہئیں ۔  عمران خان ، اعظم خان ، شاہ محمود قریشی اور امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید کو بلوا کر پوچھا جانا چاہئے کہ انہوں نے کس طرح ملک کے ساتھ اتنا گھناونا کھیل کھیلا ۔ اگر تحقیقات نہیں ہو سکتیں تو پھر ہم سب کو آنکھیں بند کر کے کمبل اوڑھ کے سو جانا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص مذہب  کارڈ کھیلتا رہا لیکن کسی نے بھی اس پر کچھ نہیں کہا ، حکومت سمیت سب ادارے خاموش بیٹھ کر تماشا دیکھتے رہے ۔ اس کے پاس ایسی کیا چیز ہے کہ اسے اتنی کھلی چھٹی دئیے رکھی ۔ یہ شخص سنگین سے سنگین جرم کرتا رہا اور صاف بچ نکلتا ۔

مریم نواز نے اپنی ویڈیو کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ جب میں نیب حراست میں تھی تو انہوں نے میری ویڈیوز بنائیں ۔میں اس وقت نائٹ سوٹ میں تھی اگر وہ میری ویڈیوز ریلیز کرتے تو پھر اس سےبڑی شرم کی کیا بات ہو گی کیونکہ قیدیوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں ۔

عمران خان کی طرف سے داماد کیلئے بھارت سے مشینری منگوانے کے الزامات پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کسی بھی بات کا جواب نہیں دیکنا چاہتی ، شرم تو اسے آنی چاہئے کیونکہ میرے داماد کی مشینری تو عمران خان کے دور حکومت میں آئی تھی ۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میرے داماد نے وزیر اعظم آفس  میں درخواست دی تھی کہ آدھی مشینری آچکی ہے اور باقی رکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پلانٹ بند ہے مگر مجھے فخر ہے کہ وزیر اعظم نے جواب دیا کہ پہلے بھارت سے امپورٹ کی اجازت تھی اب نہیں اس لیے آپ کسی دوسرے ملک سے مشینری امپورٹ کر لیں ۔

 

مریم نواز کواسلام آباد ہائیکورٹ سےبڑاریلیف مل گیا،7سال کی سزاکالعدم