• Tuesday, 29 November 2022
سلمان خان کی ماں یا بھابی  کا رول نہیں کر سکتی ، عائشہ جھُلکا

سلمان خان کی ماں یا بھابی  کا رول نہیں کر سکتی ، عائشہ جھُلکا

ممبئی (نیا ٹائم ویب ڈیسک)ماضی  میں کئی مقبول فلموں میں  اہم ہیروئن کا رول ادا کرنے والی اداکارہ عائشہ جھُلکا کی شوبز میں واپسی تو ہو گئی تاہم اپنی فلموں کے ہیرو کے ہمراہ دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

عائشہ جھُلکا کئی برس تک پردہ سکرین سے غائب رہنے کے بعد اب حال ہی میں ویب شو " ہش ہش" سے دوبارہ شوبز انڈسٹری میں واپس آئی ہیں ۔ شو  میں ان کے ہمراہ ماضی کی اداکارہ جوہی چاولہ اور سوہا علی خان دکھائی دیں گی ۔

انڈسٹری میں واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر عائشہ نے کہا اس وقفے کے دوران انہیں ان کی خواہش کے مطابق کردار آفر نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے انہوں نے فلم انڈسٹری سے دوری اختیار کئے رکھی ۔

انہوں نے اپنی سابقہ فلموں کے ہیروز  سلمان خان ، اجے دیو گن ، اکشے کمار اور عامر خان کے ہمراہ دوبارہ فلم میں جلوہ گر ہونے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے ساتھ کام کرنے بڑا معیوب لگے گا کیونکہ مجھے ان کرداروں کی آفر نہیں ہو سکتی جو میں ان کے ساتھ کرنا چاہتی ہوں ۔

عائشہ جھُلکا نے کہا اب میں سلمان خان کی ماں یا بھابی کا رول تو نہیں کر سکتی کیونکہ ماضی میں لوگوں نے ہمیں ایک ساتھ ہیرو ہیروئن کے رول میں  دیکھا ہے ۔

اداکارہ نے کہا کہ بے شک اب فلم انڈسٹری میں بہت تبدیلی آ چکی ہے لیکن میں ذہنی طور پر ان لوگوں کے ساتھ ماں یا بھابی کا کردار ادا کرنے پر رضا مند نہیں ہو سکوں گی ۔

واضح رہے ماضی کی نامور اداکارہ عائشہ جھُلکا نے عامر خان کے ساتھ جو جیتا وہی سکندر ، اکشے کمار کے ساتھ کھلاڑی ، اجے دیو گن کے ساتھ سنگرام ، کمال ہاسن اور تبو کے ہمراہ چاچی 420 جبکہ سلمان خان کے ساتھ فلم قربان میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ ان فلموں سے انہیں خاصی پذیرائی بھی حاصل ہوئی تھی ۔

 

ریماخان کی ماہرہ خان سےملاقات کےدوران ماہرہ کےگارڈ کی انٹری،ویڈیووائرل