ذاتی معاملات کو سرکس نہیں بنانا چاہتی،طوبیٰ انور

ذاتی معاملات کو سرکس نہیں بنانا چاہتی،طوبیٰ انور

کراچی(نیا ٹائم) حال ہی میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی طوبی ٰ انور کا  کہنا ہے کہ وہ کم عمر سے ہی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور بطورِ پروڈیوسر  کئی مارننگ شوز بھی کر چکی ہیں۔

 

ٹی وی میزبان اور معروف سیاسی شخصیت مرحوم عامر لیاقت حسین  کی سابقہ اہلیہ طوبیٰ انور کا بین الاقوامی  نشریاتی ادارے کو دیئے گئے  انٹرویو میں  کہنا  تھا  کہ میں نہیں چاہتی کہ پرائیویٹ معاملات کو سرکس بناؤں۔طوبیٰ انور کے سابق خاوندعامر لیاقت نے اکثر اپنے انٹرویوز میں کہا تھا کہ وہ طوبیٰ کو ڈرامہ انڈسٹری کی جانب  لائے جس سے اکثر یہ تاثر ملتا تھا کہ طوبیٰ نے اپنے کریئر کیلئے اُنکے اثر و رسوخ کو استعمال کیا لیکن  شوبز میں بطور اداکارہ کام  کرنے کے حوالے سے  طوبی انور نے بتایا کہ وہ  اٹھارہ سال کی عمر سے ہی  میڈیا سے وابستہ ہیں اور عامر لیاقت سے شادی سے قبل  بطور پروڈیوسر مارننگ شوز کیے ہیں۔

 

طوبی انور کا مزید کہنا تھا   کہ عامر لیاقت حسین سے شادی کے ڈیڑھ دو سال میں نے کام نہیں کیا جبکہ  شادی کے 2سال بعد میں نے باقاعدہ آڈیشن دیا اور اُس وقت یہ سوچ تھی کہ چلو کچھ نیا کرتے ہیں ۔عامر لیاقت سے شادی اور دیگر معاملات میں ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کرتے ہوئے طوبی کا کہنا تھا  کہ جنہیں ہماری زندگی کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں ہوتا وہ کہیں سے بھی اٹھ کر کچھ لکھ دیں توبہت  تکلیف ہوتی ہے مگر وقت کے ساتھ ساتھ میں نے اپنے آپکو اس معاملے میں بہت مضبوط کر لیا ہے۔میں نے خاموشی اختیار کی اورصبرو تحمل سے کام لیا اور اس کا آجر اللہ نے مجھے دیا۔

 

 

بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نےاپنی پہلی ہالی وڈفلم کاکلپ شیئرکردیا