• Tuesday, 29 November 2022
وزیراعظم نے پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا،عطاء تارڑ

وزیراعظم نے پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا،عطاء تارڑ

وزیرآباد(نیاٹائم)وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کامیاب دورے کے بعد وطن واپس لوٹ رہے ہیں ،وزیراعظم نے اقوام عالم کے سامنے پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا ہے۔

 

معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اقوام عالم کے سامنے پاکستان اور پاکستانیوں کی بات کی گئی۔ کشمیر، فلسطین میں ہونے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کیا گیاہے۔ کشمیریوں کے ماورائے آئین قتل کو بھی اقوام عالم کے سامنے رکھا گیا۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ ملک میں سیلاب نے بدترین تباہی مچائی ہے۔ پاکستان کو سیلاب ، اور مہنگائی جیسے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ سیلاب کے حوالے سے بھی اقوام عالم کو آگاہ کیا گیا ہے۔ عالمی ممالک کے سربراہان نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ چائینہ، ترکی اور دیگر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں کہ وہ پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ عمران خان کی طرح میں میں کرنے کی بجائے اصل ایشوز اقوام متحدہ کے اجلاس میں سامنے رکھے گئے ہیں۔میں میں "بکرا کرتا ہے۔ قرضوں کو ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ آڈیو لیکس کے معاملے پر عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ کوئی بڑا اہم معاملہ نہیں ہے۔ آڈیو لیکس کا معاملہ وزیراعظم کے کامیاب دورے سے توجہ ہٹانے کیلئے سازش کی گئی ہے جس میں تحریک انصاف کا ہاتھ ہے۔ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ کیسے آڈیو ٹیپ کی جارہی ہیں اور ان میں کون کون ملوث ہے۔

 

 معاون خصوصی نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی واپسی ہورہی ہے جس پر ہمیں خوشی ہے۔بہت جلد وہ وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالیں گے اور اپنے تجربات سے ملک کی معیشت کو سنبھالا دیں گے۔مفتاح اسماعیل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے بہترین پالیسیوں سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ عطاء تارڑ نے ملک میں مہنگائی کاذمہ دار عمران خان اور فرح گوگی جیسے کرداروں کی کرپشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت  نے ملک کی ترقی کو ریورس گیئر لگایا۔

 

عطا تارڑ نے کہا کہ سرکاری ہیلی کاپٹروں پر عمران نیازی گجرات بھی آتا ہے تو پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرتا ہے۔گجرات ڈویژن کی غیر منصفانہ حد بندی کی گئی ہے۔جو ہمیں کسی صورت منظور نہیں۔ گجرات کو ڈویژن بننا چاہئے مگر گوجرانوالہ کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ اور تحریک انصاف کی زبردستی کی شادی کا مقدر طلاق ہے۔میاں شہباز شریف کو جدید پاکستان کا معمار سمجھا جاتا ہے ان شاءاللہ پاکستان کو مزید ترقی کی طرف لیکر جائیں گے۔

 

مفتاح اسماعیل کی چھٹی،اسحاق ڈار نئے وزیر خزانہ نامزد