• Tuesday, 29 November 2022
بجلی بحران اور سیلاب سے بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی

بجلی بحران اور سیلاب سے بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی

اسلام آباد(نیا ٹائم) بجلی بحران اور سیلاب سے رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کم ہو گئی،پاکستان  شماریات بیورو کے مطابق ماہانہ بنیاد پر لارج سکیل مینو فیکچرنگ میں 16.5 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر ایک 1.4 کمی ہو گئی۔

 

پاکستان ادارہ شماریات بیورو کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں جون 2022 کے مقابلے میں لارج سکیل مینو فیکچرنگ میں سولہ اعشاریہ پانچ  فیصد کمی ریکارڈ کی  گئی جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے رواں مالی سال جولائی میں ایک اعشاریہ چار فیصد کمی آگئی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 2.2  فیصد کی کمی آئی  جبکہ کوک اور پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 5.2 فیصد کمی ہوئی۔

 

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق فارماسیوٹیکل کی پیداوار میں پینتیس اعشاریہ پانچ  فیصد اور خوراک کی پیداوار میں نو اعشاریہ  تین فیصد کی کمی ہوئی جبکہ تمباکو کی پیداوار میں 75.5 فیصد کمی اور مشینری اور آلات کی پیداوار میں 48.4 فیصد کی کمی ہوئی ۔ادارہ شماریات کے مطابق آئرن اور سٹیل کی پیداوار میں 0.6 فیصد اور پہننے کے کپڑوں کی پیداوار میں  4.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فرنیچر کی پیداوار میں 2.2 فیصد اور لیدر کی مصنوعات کی پیداوار میں 0.1 فیصد کا اضافہ ہوا۔