حکومت پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام

حکومت پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام

اسلام آباد (نیا ٹائم) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے باوجود حکومت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف کوئی بھی ٹھوس کارروائی کرنے میں ناکام ہو گئی ۔

الیکشن کمیشن سے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف فیصلہ آئے پونے دو ماہ گزر گئے لیکن فارن فنڈنگ معاملے پر حکومت اور اس کی اتحادی جماعتیں کوئی بھی ٹھوس لائحہ عمل اپنانے میں ناکام رہی ہیں ۔ عمران خان کے خلاف ریفرنس اور پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے ڈکلیریشن پر حکومتی حلقوں کی جانب سے تاحال کوئی بھی حتمی مشاورت نہیں ہو سکی ہے ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں قائم ہونے والی حکومتی کمیٹی بھی اس معاملے پر مکمل طور پر غیر فعال ہے ۔ حکومت فارن فنڈنگ کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔ حکومت کے پاس ابھی تک ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔

دوسری طرف حکومت ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ہی حکومت اپنا کام آگے بڑھا سکے گی۔ کیونکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد بازی میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف سپریم کورٹ میں ڈکلیریشن داخل نہیں کروائیں گےکیونکہ اس سے پاکستان تحریک انصاف کو فائدہ پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ایف آئی اے کی رپورٹ اگلے ماہ آنے کا امکان ہے ۔ ایف آئی اے کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی حکومت پی ٹی آئی کی تحلیل کا ڈکلیریشن دائر کرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرے گی ۔

 

احسن اقبال کے خلاف نیب کا ریفرنس خارج