• Thursday, 29 September 2022
پاکستان میں سیلاب سے 528 بچے جاں بحق ہوئے ، یونیسف

پاکستان میں سیلاب سے 528 بچے جاں بحق ہوئے ، یونیسف

جنیوا (نیا ٹائم ویب ڈیسک )اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی  ، رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے باعث 528 بچے جاں بحق ہوئے ، جبکہ سیلاب کے بعد 35 لاکھ بچوں کی زندگیاں اب بھی خطرے میں ہیں ۔بچوں کی جانیں بچانے کیلئے ادویات اور خوراک کی ضرورت ہے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونیسیف کے پاکستان میں ڈائریکٹر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حالات انتہائی مایوس کن ہیں ۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق سیلاب 528 بچوں کو ساتھ بہا لے گیا ، جو سیلاب سے بچ گئی ہیں انہیں اسہال ، ڈینگی ، ٹائیفائیڈ ، گیسٹرو سمیت ملیریا جیسی وبائی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلدی امراض بھی پھیل گئے ہیں ۔جبکہ کئی مائیں خون اور غذائیت کی کمی کا بھی شکار ہو گئی ہیں ۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق کچھ علاقوں میں درجہ حرارت اب بھی 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے اور سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں ، جن کے پاس نہ پینے کا صاف پانی ہے ، نہ ہی خوراک اور نہ ہی ان کے پاس دوا اور معاش کا کوئی ذریعہ ہے ۔

سیلاب سے متاثرہ خواتین نے کیمپوں میں زچگی کیلئے محفوظ مقام نہ ملنے پر کمزور اور نحیف ماوں نے مردہ بچوں کو جنم دیا اور جو زندہ بچ گئے ان کا وزن بھی خطرناک حد تک کم ہے ۔ حمل ضائع ہونے کے واقعات بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں ۔

ڈائریکٹر یونیسیف پاکستان نے کہا ہے کہ ہم متاثرہ علاقوں میں بچوں اور ان کے خاندان کی مدد اور انہیں آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں ، غذائیت کی کمی اور عدم تحفظ کے حوالے سے خطرات سے بچانے کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں ۔

یونیسیف پاکستان کے سربراہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے آگے آئیں ، یہ 35 للاکھ بچوں اور ہزاروں ماوں کی زندگیوں کا سوال ہے ۔

 

پاک فضائیہ کی جانب سےسیلاب متاثرین کی امدادکاسلسلہ جاری