• Thursday, 29 September 2022
فوری انتخابات ہماری نہیں قوم کی ضرورت ہیں ، عمران خان

فوری انتخابات ہماری نہیں قوم کی ضرورت ہیں ، عمران خان

لاہور (نیا ٹائم) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں فوری انتخابات ہماری نہیں ، ملک و قوم کی ضرورت ہیں ، انہوں نے کہا کہ پر امن انتخابات کے ذریعے ہی انقلاب آ سکتا ہے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی ، جس میں عمران خان  نے کابینہ ارکان کو پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔

اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں  پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی عوامی اعتماد کا اظہار ہے ، پرویز الہٰی ایک عملی سیاستدان ہیں ہم نے ان کا بھرپور ساتھ دینا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام پاکستان تحریک انصاف سے حقیقی آزادی کے ایجنڈے کی تکمیل کی توقع رکھتے ہیں ، پنجاب کی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی حقیقی آزادی کے موقف پر عوام کو مایوس نہیں  کرے گی ۔

عمران خان نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے اس لیے ہمیں فوری طور پر انتخابات کی طرف بڑھنا ہے ، فوری انتخابات پاکستان تحریک انصاف کی نہیں بلکہ قوم کی ضرورت ہیں ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہا ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرامن انتخابات کے ذریعے رستہ  فراہم کیا جائے ۔

 

عمران خان خود پی ٹی آئی اراکین کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں پر برہم