پی ٹی آئی لانگ مارچ پر تشدد ، جوڈیشل انکوائری کروانے کا فیصلہ

پی ٹی آئی لانگ مارچ پر تشدد ، جوڈیشل انکوائری کروانے کا فیصلہ

لاہور (نیا ٹائم) 25 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر تشدد کا معاملہ ، پنجاب حکومت نے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا فیصلہ کر لیا ۔

وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ پر تشدد کے حوالے سے جوڈیشل انکوائری کیلئے درخواست دیں گے ، کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی پولیس آفیسر کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران جوڈیشل انکوائری میں بتا دیں  کہ انہیں پر امن لانگ مارچ پر تشدد کا حکم کس نے دیا  تھا ۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کے واقعہ پر سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا تھا ۔

گزشتہ ماہ ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کرنے والے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت آئندہ ہفتے سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی اور ٹیم لانگ مارچ پر تشدد میں ملوث پولیس افسروں کی نشاندہی کرے گی ۔

واضح رہے 25 مئی 2022 ء کو پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران لاہور اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا ، جس کے باعث لاہور میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا تھا ، اس دوران پاکستان تحریک انصآف کے متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا تھا ۔

 

عمران خان کا کسی کے دباو میں نہ آنے کا فیصلہ