کراچی میں تیز ہواوں کے ساتھ موسلا دھار بارش

کراچی میں تیز ہواوں کے ساتھ موسلا دھار بارش

کراچی (نیا ٹائم)  شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے بعد کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، کراچی کے علاقے گلشن حدید اور آس پاس کے علاقوں میں تیز ہواوں کےساتھ شدید بارش ہوئی ، جبکہ لانڈھی ، قائد آباد ، ملیر اور گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ شدید بارش ہوئی ۔

شارع فیصل ، ائیرپورٹ ، ملیر ہالٹ ، رفاع عام ، نارتھ ناظم آباد ، نیو کراچی ، صدر ، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ  جاری ہے ۔ لیاقت آباد ، کورنگی اور قیوم آباد میں بھی شدید بارش ہوئی ہے ۔

کراچی شہر میں ہونے والی اچانک بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا ، زیب النسا سٹریٹ بارش کے پانی میں ڈوب گئی ، سندھ اسمبلی ، سندھ ہائیکورٹ ، اکبر روڈ ، شاہین کمپلیکس ، آرٹس کونسل اور ایم اے جناح روڈ پر بھی بارش کے بعد پانی جمع ہو گیا ۔

بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش   کا پانی جمع ہونے کے بعد ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے ، مختلف مقامات پر شدید ٹریفک جام کی بھی اطلاعات ہیں ۔

واضح رہے محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں 13 ستمبر سے آندھی اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا تھا ، تاہم بادل ایک روز قبل ہی برس پڑے ہیں ۔

 

آئندہ 4 روزمزید بارشوں کا امکان،الرٹ جاری