خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گر گئی

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گر گئی

چارسدہ (نیا ٹائم) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گر گئی ، رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سلطان محمد خان ساتھیوں اور خاندان سمیت عوامی نیشنل  پارٹی میں شامل ہو گئے ۔

چارسدہ میں منعقدہ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا سلطان محمد خان نے باقاعدہ طور پر اے این پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ، ایمل ولی خان نے پارٹی میں شامل ہونے پر انہیں لال ٹوپی پہنا کر خوش آمدید کہا ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلطان محمد نے کہا کہ میرے پورے خاندان نے اے این پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ،  انہوں نے کہا کہ این اے 24 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ایمل ولی خان کی بھرپور حمایت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ خاندان کے بزرگوں کی خواہش تھی کہ ہم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں ، باچا خان کی تحریک معاشرے کی بہتری اور قوم کی بیداری کیلئے تھی ، انہوں نے کہا کہ ایمل ولی خان میں ان کے بزرگوں کی تمام خوبیاں موجود ہیں ۔

واضح رہے سلطان محمد خان خیبرپختونخوا سمبلی کی نشست پی کے 58 چارسدہ سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔

واضح رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی محمد فہیم نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

 

کامران ٹیسوری کی واپسی، ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات