• Thursday, 29 September 2022
بھارتی سفارتی عملہ کابل پہنچ گیا ، طالبان کا خیر مقدم

بھارتی سفارتی عملہ کابل پہنچ گیا ، طالبان کا خیر مقدم

نئی دہلی (نیا ٹائم  ویب ڈیسک ) بھارتی حکوت نے سفارتی عملہ کابل بھجوا دیا ہے تاہم ابھی تک افغانستان کیلئے سفیر نامزد نہیں کیا گیا ہے ، افغان طالبان کی جانب سے سفارتکاروں کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا خیر  مقدم کیا گیا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی سفارتکاروں کی ٹیم کابل بھجوانے کی تصدیق کی ہے ، جبکہ اس سے قبل مقامی افغان باشندےپہلے ہی بھارتی سفارتخانے کیلئے کام کر رہے تھے ۔

ایس جے شنکر کا کہنا ہے کہ فی الحال افغانستان میں صرف سفارتکاروں کی ٹیم بھجوائی گئی ہے تاہم سفیر کی تعیناتی نہیں کی گئی ، سفارتی عملہ انسانی امداد ، طبی امداد سمیت ویکسین اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کرے گا ۔

دوسری جانب افغان وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے سفارتی عملے کو بھجوانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے اور بھارتی سفارتی عملے کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے ۔

اس سے قبل طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے کہا ہے کابل میں بھارتی وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری جے پی سنگھ سے ملاقات کر کے کابل میں سفارتخانہ کھولنے  کیلئے حکمت عملی طے کی تھی ۔

رواں برس جون میں بھارت نے پہلی بار وزارت خارجہ کی تکنیکی ٹیم بھی کابل بھجوائی تھی ، جس میں ایک سینئر سفارتکار نے بھِ حال ہی میں افغان دارالحکومت کا دورہ کیا تھا ۔

گزشتہ سال افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے بھارتی سفارتی عملہ کی واپسی کے بعد سے مقامی افراد پر مشتمل عملہ بھارتی سفارتخانے میں کام کر رہا تھا ۔

واضح رہے تاحال بھارت نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا تاہم سفارتی عملہ بھجوا کر بھارت نے افغانستان کی موجودہ حکومت کو ڈی فیکٹو حکومت تسلیم کر  لیا ہے ۔

 

مخبری کس نے کی ؟ ڈونلڈ ٹرمپ نے بیوی پر شک ظاہر کر دیا