• Thursday, 29 September 2022
ایم کیو ایم کی بڑی کامیابی ، پیپلز پارٹی کے بعد جے یو آئی بھی دستبردار

ایم کیو ایم کی بڑی کامیابی ، پیپلز پارٹی کے بعد جے یو آئی بھی دستبردار

کراچی (نیا ٹائم )ایم کیو ایم کو بڑی کامیابی مل گئی ، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے بعد جمیعت علمائے اسلام بھی ایم کیو ایم امیدوار کے حق میں انتخابات سے دستبردار ہو گئی ۔

ایم کیو ایم خواجہ اظہار اور ایم کیو ایم امیدوار معید انور پر مشتمل وفد آج جے یو آئی کے امیدوار امین اللہ کی رہائش گاہ  پہنچا تھا ، جنہوں نے جے یو آئی ف کے امیدوار سے ملاقات کی ۔ جس کے بعد جے یو آئی اور ایم کیو ایم رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی کے امیدوار نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ۔ رہنما جے یو آئی ف امین اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحاد میں فارمولا طے ہوا ہے کہ تمام پارٹیاں حلقے میں جیتنے یا دوسرے نمبر پر آنے والی جماعت کی حمایت کریں گے ۔ میں ایم کیو ایم کے امیدوار کے حق میں باقاعدہ طور پر دستبردار ہو رہا ہوں ۔

رہنما جے یو آئی امین الللہ نے کہا کہ میں پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن کے کہنے پر سیٹ سے دستبردار ہوا ہوں ، 21 اگست کو این اے 245 پر ہونے والے انتخابات میں ایم کیو ایم امیدوار معید انور کو ووٹ دیں گے ۔

اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد  میں ہونے والے اجلاس  میں تمام قیادت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گے ۔ جس کیلئے میں مولانا فضل الرحمن کا مشکور ہوں ۔ سیاسی دانشمندی کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف نہ لڑیں ۔ شہری اپنی ووٹ کی طاقت کے ذریعے مسائل کے خلاف آواز بلند کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ ایم کیو ایم کا فیصلہ درست تھا ۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ لاہور میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اگر وہی کچھ کراچی میں ہوتا تو اس پر رد عمل ہی الگ ہوتا ، اگر کوئی آئینی شکنی کا مرتکب ہوتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ این اے 245 سے ڈاکٹر فاروق ستار ہمارے امیدوار ہوں تاہم ان کی اپنی کچھ شرائط تھیں جس کی وجہ سے وہ نہیں آئے ۔

واضح رہے این اے 245 کی سیٹ پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ۔ حلقے میں پولنگ 21 اگست کو ہونی ہے ۔ ایم کیو ایم نے ڈاکٹر فاروق ستار سے معاملات طے کرنے کی کوشش کی تھی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔

 

حلقے نو امیدوارصرف ایک