• Friday, 30 September 2022
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کھلاڑی کو نوٹس دیدیا

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کھلاڑی کو نوٹس دیدیا

ڈھاکہ (نیا ٹائم  سپورٹس ڈیسک )بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آل راونڈر شکیب الحسن کو کرکٹ کی سٹہ بازی کی ویب سائٹ کی انڈورسمنٹ کرنے پر ٹیم میں رہنے یا فوری طور پر علیحدہ ہونے کیلئے الٹی میٹم نوٹس جاری کر دیا ۔

بنگلہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے شکیب الحسن کو کرکٹ کی بیٹ ونر نامی ویب سائٹ سے فوری طور پر معاہدہ منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ، معاہدہ ختم نہ کرنے کی صورت میں انہیں فوری طور پر ٹیم سے الگ کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے ۔

گزشتہ ہفتے ہی بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن نے ڈچ جزیرے کی سٹہ باز فرم کی ویب سائٹ بیٹ ونر نیوز کے ساتھ اپنی پارٹنر شپ کا اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا اکاونٹ پر اعلان کیا تھا کہ یہ سپورٹس نیوز حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ اس بارے میں کوئی بھی دوسری رائے نہیں ہو سکتی ، ہمیں امید ہے کہ شکیب الحسن کی طرف سے جمعرات تک کوئی جواب سامنے آ جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ تو طے ہے کہ اس معاملے پر کوئی بھی بات چیت نہیں ہو سکتی ، یا تو شکیب الحسن کو ویب سائٹ کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کرنا ہو گا یا پھر وہ بنگلہ دیشی سکواڈ کا حصہ نہیں رہ سکیں گے ۔

واضح رہے بنگلہ دیش میں کسی بھی طرح کا جوا غیر قانونی ہے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بھی کھیل میں جوئے کے حوالے سے انتہائی سخت گیر اور غیر لچکدار رویہ رکھتا ہے ۔

 

بابر اعظم کیلئے مہیلا جے وردھنے کی اہم پیشگوئی