اسلا آباد پولیس کو شہباز گل کے

اسلا آباد پولیس کو شہباز گل کے "اصل فون" کی تلاش

اسلام آباد (نیا ٹائم ) پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے چیف آف سٹاف کے " اصل فون" کی تلاش ہے جس سے شہباز گل کا ٹوئٹر ہینڈل آپریٹ ہو رہا ہے ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت شہباز گل سے برآمد کیا گیا فون اصل نہیں بلکہ ڈمی تھا ، خدشہ ہے کہ شہباز گل نے اپنا فون اپنے ڈرائیور کو دیا ہے جو وہ ساتھ لے گیا ہے ۔

پولیس کے مطابق شہباز گل کے فون سے اب بھی مسلسل ٹوئٹس کی جا رہی ہیں ، کوشش کر رہے ہیں کہ پتا چل جائے کہ ان کا ٹوئٹر ہینڈل والا فون کس کے پاس ہے ؟

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے فون سے ٹویٹس کرنے والا ہی اس کا ساتھی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق دوران تفتیش شہباز گل کی نشاندہی پر ان کے موبائل فون کی برآمدگی کیلئے پولیس نے ڈرائیور کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں ڈرائیور کے اہلخانہ نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے مزاحمت کی جس پر ان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

پولیس نے شہباز گل کے  ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو بھی حراست میں لیا ہے جن کی ضمانت کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے ۔

واضح رہے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو دو روز قبل منگل کے روز بنی گالہ جاتے ہوئے بنی گالہ چوک سے وفاقی پولیس نے حراست میں لیا تھا ، ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہے ۔ سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن کے مطابق شہباز گل نے نجی ٹی وی چینل پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے الفاظ کہے جن کا بنیادی مقصد فوج میں بغاوت پھیلانے کی سازش کرنا تھا ۔

 

ممنوعہ فنڈنگ کیس ، اسد قیصر کو بڑا ریلیف مل گیا