• Thursday, 29 September 2022
ہمیں فوج سے لڑوانے کی سازش ہو رہی ہے ، عمران خان

ہمیں فوج سے لڑوانے کی سازش ہو رہی ہے ، عمران خان

اسلام آباد (نیا ٹائم) سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے ہمیں فوج سے لڑوانے کی سازش کی جا رہی ہے ، شہباز گل نے جو کچھ کہا ہے اس پر  قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ، اسے عدالت میں پیش کر کے صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جائے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان میں کہا کہ غیر ملکی سازش کے ذریعے ہماری حکومت ختم کی گئی ، ہماری ھکومت گرنے پر خوشیاں منائی گئیں ، بھارتی میڈیا سے تو ایسے لگتا تھا کہ جیسے کسی بھارتی کو وزیر اعظم بنا دیا گیا ہو ، ہماری حکومت کے خاتمے پر بھارت اور اسرائیل میں خوشیاں منائی گئیں ۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ رجیم چینج سازش اب آگے بڑھ رہی ہے ، خوفناک پلان بنایا گیا ہے اور یہ اسی پلان کا حصہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑوایا جائے ۔ انہیں اس بات کی تکلیف تھی کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر کیوں چل رہی ہیں ۔ بھارت میں کہا جاتا تھا کہ عمران خان ور فوج ایک پیج پر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سوشل میڈیا جوانوں نے ڈس انفولیب کو بے نقاب کیا جو کہ پاکستان کے خلاف سازش کر رہی تھی ۔ سازش میں وہی لوگ شامل تھے جو امپورٹڈ حکومت میں بیٹھے ہیں ۔ یہ ڈس انفو لیب عمران خان اور فوج کے خلاف سازش کر رہی تھی ، آج یہ کہا جا رہا ہے کہ جیسے ہم غدار ہیں اور یہ محب وطن ہیں ، سازش کی جا رہی ہے کہ فوج اور ملک کی سب سے بڑی جماعت کو آپس میں لڑوا دیا جائے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعت کے فوج کے خلاف کھڑا ہونا ملک و قوم کیلئے سب سے زیادہ نقصان دہ ہے ۔ وہ لوگ سازشیں کر رہیں جو خود بیرونی سازش میں ملوث تھے ۔ پوری مہم چلائی گئی کہ پی ٹی آئی اور فوج کے درمیان لڑائی ہو جائے ۔ پارٹی توڑنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ نہیں ، کرپٹ پارٹیاں کبھی فنڈز جمع نہیں کر سکیں ، ہم نے الیکشن کمیشن کو 40 ہزار ڈونرز کے نام دئیے ، لوگوں نے ہمیں پیسے دئیے جن کے ہمارے پاس آڈٹ بکس بھی موجود ہیں ، باقی جماعتوں نے کہاں سے پیسہ لیا ان کے پاس بتانے کو ہی کچھ نہیں ہے ۔

انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ انہوں نے جھوٹی رپورٹ بنائی ہے ، انہوں نے کہا کہ کیا ایک ہی پارٹی ہے جس نے فنڈ ریزنگ کی ہے ، یہ الیکشن کمیشن کے مدد سے تکنیکی بنیادوں پر ہمیں ناک آوٹ کرنا چاہتے ہیں ، ان کے پاس نہ تو کوئی آڈٹ رپورٹ موجود ہے ، نہ یہ بتا سکتے ہیں کہ ان کے پاس پیسہ کدھر سے آیا ، عدالتی حکم کے باوجود الیکشن کیشن نے صرف پاکستان تحریک انصاف کو کٹہرے میں کھڑا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک انہیں دو جماعتوں کے ادوار میں عارف نقوی کو دی گئی ، سب کو ملنے والے تحفوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آصف زرداری نے توشہ خانہ سے 3 جبکہ نواز شریف نے ایک گاڑی لی ۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ لوگ کوشش کر رہے ہیں کہ عمران خان کی کردار کشی کی جائے اور اسے کسی کیس میں پھنسا دیا جائے ، یہ چاہتے ہیں کہ کوئی میرا موقف تک نہ لے  ۔ توشہ خانہ سے ملنے والے تحفے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی لئے ۔

انہوں نے کہا کہ نہیں جانتے کہ افغانستان میں ہونے والے ڈرون حملے کیلئے پاکستانی حدود استعمال ہوئی یا نہیں البتہ خیبرپختونخوا میں ہمارے وزیروں کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں ۔

شہباز گل کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے جو کچھ کہا ہے اس پر قانون کے مطابق کارروائی کریں انہیں عدالت میں پیش کر کے صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جائے ، شہباز گل کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان کی گاڑی کے شیشے توڑے گئے ۔

عمران خان کا کہنا تھا ، شہباز گل نے اگر کچھ غلط کہا ہے تو اس کیلئے قانون موجود ہے ، مجھے ملک وقوم کی فکر ہے میں چاہتا ہوں کہ فوج کا ادارہ مضبوط ہو ۔

انہوں نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری ، نواز شریف سمیت مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز کے فوج مخالف پرانے ویڈیو کلپ بھی چلائے ۔

 

قوم شہداءسےمحبت اور ان کااحترام کرتے ہیں، عظمی بخاری