پاکستانی باکسرز نے بھارتی باکسرز کو دھول چٹا دی

پاکستانی باکسرز نے بھارتی باکسرز کو دھول چٹا دی

تھائی لینڈ (نیا ٹائم سپورٹس ڈیسک)تھائی لینڈ میں ہونے والے ایشین باکسنگ فیڈڑیشن کے پروفیشنل مقابلوں میں پاکستانی شاہینوں کی شاندار کارکردگی ، بھارتی باکسرز کو دھول چٹاتے ہوئے تین ٹائٹل پاکستانی باکسرز نے اپنے نام کر لئے ۔

پاکستانی باکسر تیمور خان نے ایشن باکسنگ فیڈریشن کے ہیوی ویٹ مقابلے کا ٹائٹل اپنے نام کیا ، تیمور خان نے بھارتی باکسر ویدانت اگروال کو ٹیکنیکل بنیادوں پر ناک آوٹ کرتے ہوئے دھول چٹا دی ۔

ہیوی ویٹ ٹائٹل کے مقابلے کیلئے پاکستانی تیمور خان اور بھارتی باکسر رنگ میں اترے جہاں مقابلے آغاز میں ہی تیمور خان نے بھارتی باکسر کو مکوں پر رکھ لیا ، چند راونڈز بعد ہی بھارتی باکسر ویدانت اگروال ناک آوٹ ہو گئے ۔

ایشین باکسنگ فیڈریشن کے مڈل ویٹ ٹائٹل میں بھی پاکستانی باکسر کا مقابلہ بھارتی باکسر اسرار عثمانی سے تھا جس میں پاکستانی شاہین نے مدمقابل کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا ، سندھ پولیس سے تعلق رکھنے والے شہیر آفریدی نے رنگ میں اترے ہی بھارتی باکسر پر تابڑ توڑ حملے کئے جن سے وہ سنبھل ہی نہ سکا ۔ شہیر آفریدی نے پہلے راونڈ میں ہی بھارتی باکسر کو ناک آوٹ کر دیا ، ایشن باکسنگ فیڈریشن کا مڈل ویٹ ٹائٹل بھی پاکستانی باکسر نے اپنے نام کیا ۔

کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے نادر بلوچ نے تھائی مد مقابل کو شکست دے کر ایشین باکسنگ فیڈریشن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔

پاکستان باکسنگ کونسل کے سیکرٹری کلیم آزاد نے کہا ہے کہ ایشین باکسنگ فیڈریشن مقابلوں میں پاکستانی باکسروں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ، وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے ۔

 

ٹیم کا اعلان کپتان اور کوچ کی مرضی سے کیا ،محمد وسیم