انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپیہ تگڑا ڈالر کمزور ہو گیا

انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپیہ تگڑا ڈالر کمزور ہو گیا

کراچی (نیا ٹائم  )انٹر بینک میں روپیہ تگڑا ، ڈالر کمزور ہو گیا ، امریکی ڈالر کی قدر کو ریورس گئیر لگ گیا ، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک ہی روز میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے ۔

بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستان روپے کی قدر میں بہتری دیکھی گئی جس کے بعد ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی گئی ۔ کاروباری دن کے دوران ڈالر کی قدر میں 11 روپے 38 پیسے تک کمی ہوئی جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 227 روپے پر آگیا ، تاہم کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں تھوڑی بہتری آئی جس کے بعد ڈالر کا لین دین 228 روپے 80 پیسے پر بند ہوا ۔ ایک ہی روز میں ڈالر کی قدر میں 9 روپے 58 پیسے کمی ہوئی ۔

سٹیٹ بینک کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 4٫19 فیصد کمی ہوئی ۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کا پلڑا بھاری رہا ، اوپن مارکیٹ میں بھی روپے نے امریکی ڈالر کو پچھاڑ دیا ، مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 11 روپے 50 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 229 روپے کی سطح پر آ گیا ۔

واضح رہے گزشتہ چند روز سے انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی ہو رہی ہے اور گزشتہ روز انٹر بینک میں لین دین کے اختتام پر ڈالر کا بھاو 46 پیسے کمی کے ساتھ 238 روپے 38 پیسے پر بند ہوا تھا ۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے بورڈ میٹنگ کے اعلان کے بعد مارکیٹ بہتر ہوئی ہے اور روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے ۔ آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ کے باعث ہی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال تھی ، میٹنگ کی تاریخ سامنے آنا بہت بڑی ڈویلپمنٹ ہے ، بورڈ میٹنگ کے بعد پاکستان کو 1٫2 بلین ڈالرز ملنے کی امید ہے جس کے بعد دوست ممالک اور دیگر بینک بھی پاکستان کو پیسہ دینے پر راضی ہوں گے ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں پاکستان کے پاس زیادہ ڈالرز ہوں گے جو اچھی چیز ہے ۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے اور سٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر امپورٹس کم کرنے کا بھی مارکیٹ پر بڑا مثبت اثر پڑا ہے ۔

 

پاکستانی کرنسی کاامریکی ڈالر پربڑا وار