
ممنوعہ فنڈنگ کیس ، الیکشن کمیشن کا کل فیصلہ سنانے کا اعلان
اسلام آباد (نیا ٹائم )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل سنانے کا اعلان کر دیا ،فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لاء ونگ حکام نے پاکستان تحریک انصاف کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے متعلق تیاری پر اجلاس کو بریفنگ دی ۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ حکام کو کیس کے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کے فیصلے کے وقت مکمل فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ ضرورت پڑنے پر رینجرز اہلکاروں کو بھی الیکشن کمیشن پر تعینات کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے موقع پر اسلام آباد کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جانے کا امکان ہے ۔ اسلام آباد میں پولیس اور ایف سی کے 100 جوان بھی تعینات کئے جائیں گے ۔ الیکشن کمیشن میں کسی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ میڈیا سمیت ریڈ زون دفاتر میں کام کرنے والوں کو شناخت کے بعد جانے کی اجازت ہو گی ۔ جبکہ سیاست جماعتوں کے کارکنوں کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی ۔
واضح رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کافیصلہ کل سنانے کا اعلان کیا ہے ۔
فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا مستقبل کیا ہو گا ؟ پارٹی رجسٹریشن منسوخ ہو گی یا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر غلط بیان حلفی داخل کروانے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہو گا ؟ فوجداری مقدمات بنائے جائیں گے یا پارٹی کو کلین چٹ ملے گا ، اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کل صبح 10 بجے فیصلہ سنائے گا ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کے حوالے سے کاز لسٹ بھی جاری کر دی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 21 جون کو محفوظ ہوا تھا ۔ کاز لسٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے دیگر دو اراکین فیصلہ سنائیں گے ۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس 14 نومبر 2014 ء کو پاارٹی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر کیا گیا تھا جس کی 8 سا ل تک طویل سماعت میں پاکستان تحریک انصاف نے 30 مرتبہ التوا کی درخواست کی اور پاکستان تحریک انصاف نے 6 بار کیس کے ناقابل سماعت ہونے یا الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار نہ ہونے کی درخواستیں دائر کیں تاہم الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 21 جون 2022 ء کو محفوظ کیا ۔
وفاقی حکومت کو پندرہ منٹ میں گھر بھیج سکتے ہیں،پرویزخٹک
متعلقہ خبریں
بلاگز
تجویز کردہ خبریں
مقبول ترین
نیوز لیٹر۔
روزانہ کی بڑی خبریں حاصل کریں بذریعہ