کراچی : لین دین کے تنازع پر پڑوسی نے بچی اغوا کر لی

کراچی : لین دین کے تنازع پر پڑوسی نے بچی اغوا کر لی

کراچی (نیا ٹائم  ) شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاون میں لین دین کے تنازع پر پڑوسی نے بچی اغوا کر لی ، بچی کو بازیاب کروا لیا گیا ، ملزم نے بچی کو پنجرہ نما کمرے میں بند کر رکھا تھا ، بچی گزشتہ رات اورنگی ٹاون سے لاپتہ ہوئی تھی ۔

کراچی کے علاقے اونگی ٹاون میں گزشتہ رات لاپتہ ہونے والی بچی کو پڑوسی کے گھر سے بازیاب کروا لیا گیا ، محلہ داروں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم اور بچی کے ماموں کے درمیان لین دین کا تنازع تھا جس کے باعث اس نے گزشتہ شب گلی میں سے بچی کو اغوا کر کے اپنے گھر میں قید کر لیا ۔ پولیس واقعہ کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب پاکستان تھانے کے علاقے اورنگی ٹاون کے سیکٹر 14 سی بلال کالونی کے ایک گھر سے 10 سالہ بچی اقلیمہ دختر غلام مصطفیٰ گھر سے کوئی چیز لینے کیلئے نکلی جس کے بعد وہ لاپتہ ہو گئی ، بچی کے اہلخانہ نے اس کی تلاش شروع کی جس میں ناکامی پر پاکستان بازار تھانے میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروا دی گئی ۔ لاپتہ ہونے والی 10 سالہ بچی آج پڑوسی شاہد کے گھر سے برآمد ہو گئی ۔

بچی کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کے روز ان کی بچی ساڑھے آٹھ بجے کے قریب گھر سے چیز لینے کیلئے نکلی اور پڑوسی شاہد نے اسے بلا کر اپنے گھر کے اندر لے جا کر کمرے میں بند کر دیا ۔ بچی کے والد نے الزام لگایا ہے کہ شاہد نامی ملزم نے گھر کی تلاشی دینے سے انکار کیا تو اہل محلہ زبردستی گھر میں گھس گئے اور بچی کو پنجرہ نما کمرے سے برآمد کر لیا ، اہل محلہ نے ملزم شاہد کو پولیس کے حوالے کر دیا ۔

ایس ایچ او تھانہ پاکستان بازار کے مطابق ملزم نے پولیس کو دئیے گئے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اس کے اور بچی کے ماموں کے درمیان لین دین کا تنازع چل رہا تھا، بچی اپنی نانی کے گھر آئی ہوئی تھے جسے اس نے اغوا کر لیا ۔بچی سے کسی قسم  کی زیادتی کےآثار نہیں تاہم اس کا میڈیکل کروایا جائے گا ۔ گرفتار ملزم شاہد کی بھی 3 بیٹیاں ہیں جو گھر میں ہی موجود تھیں ۔

پولیس کے مطابق ملزم شاہد نشے کا عادی ہے اور ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا ۔

 

داماد کی مونچھیں اور سرکے بال کاٹنے پر سسر گرفتار