اندھے قتل کا معمہ حل ، ٹک ٹاکر خاتون شوہر کے قتل میں ملوث نکلی

اندھے قتل کا معمہ حل ، ٹک ٹاکر خاتون شوہر کے قتل میں ملوث نکلی

سیالکوٹ (نیا ٹائم ) سیالکوٹ پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا ، خاتون ٹک ٹاکر ہی شوہر کے قتل میں ملوث نکلی ، ٹک ٹاکر خاتون نے آشنا کی مدد سے شوہر کو قتل کر کے ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی ۔

ایک ماہ قبل ضلع سیالکوٹ کے تھانہ اگوکی کے علاقہ میں نامعلوم ملزموں نے دوران ڈکیتی فائرنگ کر کے خلیل احمد کو قتل کر دیا تھا ، مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ سید ذیشان رضا نے دوران ڈکیتی قتل کے اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزموں کو بے نقاب کرنے کیلئے ایس پی انوسٹی گیشن ناصر محمود باجوہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی ، ٹیم میں ڈی ایس پی صدر سرکل اور ایس ایچ او تھانہ اگوکی کو بھی شامل کیا گیا تھا ۔

پولیس ٹیم نے تفتیش میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائنسی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا اور اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا ۔ مقتول کی بیوی میمونہ ارم شہزادی جو کہ ٹک ٹاکر ہے نے اپنے ٹک ٹاک پارٹنر رضوان عرف زین کے ساتھ تعلقات استوار کر رکھے تھے اور وہ دونوں شادی کرنا چاہتے تھے ، جس میں اس کا شوہر سب سے بڑی رکاوٹ تھا ۔ خاتون ٹک ٹاکر میمونہ ارم شہزادی نے اپنے ٹک ٹاک پارٹنر کے ساتھ مل کر شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا اور اسے قتل کر کے واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی ۔

پولیس نے ملزمہ میمونہ ارم شہزادی کو حراست میں لے کر فائرنگ کرنے والے ملزم رضوان اور اس کے ایک نامعلوم ساتھی کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ۔

 

خواتین افسران کے موبائل نمبرز فحش ویب سائٹ پر ڈالنے والے قانون کے شکنجے میں