حکومت ایمپائرز کو ساتھ ملا کر بھی نہیں جیت سکتی ، عمران خان

حکومت ایمپائرز کو ساتھ ملا کر بھی نہیں جیت سکتی ، عمران خان

چیچہ وطنی (نیا ٹائم ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے جلسوں کی دھواں دھار اننگز جاری ہے ، چیچہ وطنی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں امپائرز کو ساتھ ملا کر بھی نہیں جیت سکیں گے ، انہوں نے کہا کہ الیکشن کے روز مجھے ہر پولنگ سٹیشن پر 10 ، 10 نوجوان چاہئیں ۔

چیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوٹوں کو جتوانے کیلئے الیکشن کمیشن متحرک ہے ۔ ہم انہیں انتخابات میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں تمام 20 نشستیں جیتیں گے ۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم اور تمہارے خاندان نے ایک کام بھی ایمانداری سے نہیں کیا ۔ انہوں نے ہمیشہ کرپشن اور دو نمبری سے پیسہ بنایا ہے ۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں انڈسٹری نے ترقی کی ، کسانوں کو فائدہ ہوا ، بیرونی سازش کے ذریعے یہ ہم پر مسلط کی گئی حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی آسمان پر پہنچا دی ہے جبکہ معیشت زمین بوس ہو گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور ان کے لوٹے بھی نامنظور ہیں ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بے ضمیر ہو گیا ہے اوردھاندلی میں ان کا ساتھ دے رہا ہے ۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ  قوم لوٹوں کو بھی سمجھ چکی ہے اور مولانا فضل الرحمن کو بھی خوب سمجھتی ہے ۔

 

پی ٹی آئی نے گرینڈ ڈائیلاگ پر مشروط آمادگی ظاہر کر دی