مریم نواز نے پی ٹی آئی قیادت کو نیا مشورہ دیدیا

مریم نواز نے پی ٹی آئی قیادت کو نیا مشورہ دیدیا

لاہور (نیا ٹائم   مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ  شہباز کی جانب سے 100 یونٹ فری بجلی فراہمی کے اعلان پر پاکستان تحریک انصاف سپریم کورٹ سے رجوع نہ کرے بلکہ خیبرپختونخوا کی عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی کی طرف سے 100 یونٹ بجلی فری کے اعلان پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے  پر سخت تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں غریب صارفین کو مفت بجلی دینے کا اقدام احسن ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ مفت بجلی دینے کے اقدام پر سیاست کرتے ہوئے اسے عدالتوں میں لے جانے کے بجائے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں ناداروں کو مفت بجلی فراہم کرے ۔

مریم نواز نے مزید لکھا کہ خیبر پختونخوا کے ناداروں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا حکم دیں ، کیا خیبر پختونخوا حکومت کو فتنہ خان کو پالنے اور اس کے اخراجات اٹھانے کیلئے رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محنت کریں ، حسد نہیں ۔

واضح رہے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے گزشتہ روز بجلی کے 100 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا گیا تھا ۔جس پر آج پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کو ایک خط بھی لکھا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری کے سپریم کورٹ کو لکھےگئے خط میں کہا گیا ہےکہ پنجاب میں جاری سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے وزیراعلیٰ نے سیاسی فوائدکے لیے یہ اعلان کیا ہے، یہ فیصلہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے،  عدالت نے انہیں حکم دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 22 جولائی تک صرف ضابطے کے اختیارات استعمال کریں گے۔

 

ہماری حکومت نے بگڑی معیشت سنبھال لی تھی:عمران خان