5 جولائی1977قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بلاول بھٹو

5 جولائی1977قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد(نیاٹائم)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ5 جولائی 1977  قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جنرل ضیاء الحق کی آمریت پاکستان میں انتہاپسندی، کلاشنکوف کلچر اور ہیروئین کی ماں ہے۔

 

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 45 سال قبل آج کے دن تاریخ کے بدترین ڈکٹیٹر کے ہاتھوں پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا، پاکستان آج تک جن سیاسی، معاشی اور معاشرتی بیماریوں کو جھیل رہا ہے، ان کے تانے بانے جنرل ضیاء کے سیاہ دور سے ملتے ہیں۔جنرل ضیاء نے پاکستان کی سیاسی و معاشرتی زندگی میں لسانیت و فرقہ وارانہ سوچ کا زہر گھولا۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈکٹیٹر ضیاء نے جمہوریت پسند و وفاق پرست سیاسی جماعتوں پر زمین تنگ کردی تھی،شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سیاسی منظر سے ہٹانے کے لیے عدالتی قتل کا اسٹیج تیار کیا گیا، ڈکٹیٹر ضیاالحق نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان کو جیلوں میں بند کردیا،کوڑے مارے گئے اور جلاوطن ہونے پر  مجبور کیا گیا،پاکستان کے عوام نے جنرل ضیاء اور اس کی غاصبانہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔پاکستان کے عوام آج تک ڈکٹیٹر ضیاء کی سوچ اور باقیات سے نبرد آزما ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور تحریک بحالی جمہوریت کے دور کے جیالوں سمیت ایم آر ڈی میں شامل تمام سیاسی کارکنان کو سلام پیش کرتا ہوں، تحریک بحالی جمہوریت کے دوران عوام نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لیے نہ صرف انتھک جدوجہد کی بلکہ بے مثال قربانیاں بھی دیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں آئین، جمہوریت اور پارلیمانی بالادستی کے محافظ کا کردار ادا کرتی رہے گی،پی پی پی قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریے و ویژن کی علمبردار جماعت ہے۔

 

مخالفین کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں:اسدعمر