کراچی والوں کا طویل انتظار ختم ، بادل برس پڑے

کراچی والوں کا طویل انتظار ختم ، بادل برس پڑے

کراچی (نیا ٹائم ) شہر قائد کے باسیوں کا طویل انتظار آخر اختتام کو پہنچا ، بادلوں کی انٹری کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ، شہر کا موسم خوشگوار ، بارش سے کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی میں خلل آ گیا ۔

کراچی کے علاقے گڈاپ میں بادل کھل کے برسے ، سہراب گوٹھ ، گلشن معمار ، پاور ہاوس چورنگی سمیت نارتھ کراچی ، گلستان جوہر اور سرجانی ٹاون میں بھی ہلکی بارش ہوئی ۔ نیشنل ہائی وے پر بھی بادل برسے ، جس کے بعد کراچی کی مویشی منڈی میں کیچڑ جمع ہو گیا جس سے خریداری کے لئے آنے والوں شہریوں کے ساتھ ساتھ بیوپاریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ سرجانی 4 میں کے چورنگی پر بارش کے بعد نالا اوور فلو ہو گیا ۔ جس سے پانی سڑک پر جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

شارع فیصل ، ڈیفنس کے علاقے میں بھی بادل خوب برسے ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، نیو کراچی اور نارتھ کراچی میں بھی بارش ہوئی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بارش کے بعد شہر کا دورہ کیا اور برساتی نالوں میں پانی کی نکاسی کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء شرجیل میمن ، ناصر حسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ آج محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کیا تھا ۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج شہر قائد میں دوپہر دو سے تین بجے کے درمیان بارش متوقع ہے ۔ بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے پیشگوئی کی تھی کہ دوپہر کو ہونے والی بارش شام کے اوقات میں تیز ہو سکتی ہے جبکہ بارش کا یہ سپیل کل اور پرسوں بھی جاری رہنے کی توقع ہے ۔

سردار سرفراز نے مزید کہا کہ مون سون ہوائیں سندھ اور بلوچستان کی طرف بڑھ رہی ہیں ، جس سے شہر میں آج تیز اوور متعدل بارش کا امکان ہے جبکہ پرسوں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے ۔

انہوں نے عید الاضحیٰ پر بھی بادلوں کے برسنے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ پر بھی مختلف علاقوں میں بارش برسنے کا امکان ہے ۔ تاہم بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہونے کے باعث سندھ میں زیادہ بارشیں نہیں ہوئی ہیں ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ، دادو ، جامشورو اور جیکب آباد میں 6 جولائی تک تیز بارشوں کا امکان ہے ۔

 

آج بادل برسیں گے، گرمی کا زور ٹوٹے گا