حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی کرپشن کیسز اور نیب ختم کیا ، عمران خان

حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی کرپشن کیسز اور نیب ختم کیا ، عمران خان

اسلام آباد (نیا ٹائم )سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے ایف آئی اے اور قومی احتساب بیورو کو  ماتحت کرنے کے بعد 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کر دئیے ۔ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی کرپشن کیسز ختم کئے اور نیب کو ختم کر دیا ۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ٹینکوں کے سامنے لیٹنے کی ضرورت نہیں ، اسلام آباد کی تاریخ میں سب سے بڑا جلسہ کریں گے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ایک کارکن نے بلند آواز میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا " خان صاحب آپ حکم کریں ہم ٹینکوں کے آگے بھی لیٹ جائیں گے ۔ " جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ ابھی ٹینکوں کے سامنے لیٹنے کی ضرورت نہیں ، ہمیں اپنی قوم کی خواتین اور نوجوانوں کی ابھی ضرورت ہے ۔ "

عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا 30 سال سے چوری کرنے والوں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا ہے ۔ جس نے انہیں مسلط کیا ہے وہ انہیں اچھے فیصلوں کیلئے نہیں بلکہ ہم سے اپنی غلامی کروانے کیلئے لائے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ ملک میں تاریخی مہنگائی ہے ۔ ہرطرف اشیاء کی قیمتیں غیر معمولی طور پر بڑھی ہیں اورمعیشت زمین بوس ہو چکی ہے ابھی مزید مہنگائی بڑھے گی ۔

سابق وزیر اعظم نے پوچھا ، " کیا وجہ تھی کہ ہماری حکومت ختم کر کے پہلے سے آزمائے گئے چوروں کو لا بٹھایا ۔ آج لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان قطوں کی قسطیں واپس نہیں کر پائے گا اور ڈیفالٹ کر جائے گا ۔ موجودہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے کے پاوں پڑی ہوئی ہے اور ان کی ایما پر مزید مہنگائی کرنے کیلئے بھی تیار ہیں ۔

عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی خواتین اور دیگر کارکنوں سے کہا کہ وہ لوگوں کے دروازوں پر جا کر دستک دیں اور انہیں بتائیں کہ اس وقت گھروں سے نکلنا کتنا اہم ہے ۔ لوگوں کو بتائیں کہ یہ ذمہ داری صرف عمران خان کی نہیں پوری قوم کی ہے ۔

 

سابق وزیر اعظم کیخلاف ایک اور "توشہ خانہ "کی گونج