عید الاضحی کی آمد سےقبل ’’مصالحہ جات وسبزی مافیا

عید الاضحی کی آمد سےقبل ’’مصالحہ جات وسبزی مافیا " متحرک

لاہور (نیاٹائم)عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظرسبز مصالحوں سمیت سبزیوں کی قیمتوں میں حسب روایت ہوشر با اضافہ کردیا گیاجبکہ دوسری جانب گرم مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہونے لگا،ہول سیل کی سطح پر چاولوں کی قیمتیں بھی اچاناک بڑھا دی گئیں۔

 

ذرائع کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چاول کے نرخ 10روپے سے 30روپے تک بڑھے، سپرباسمتی چاول 10روپے مہنگاہوکر320روپے پرپہنچ چکاہے، سیلہ چاول 240روپے کلوسے بڑھ کر260روپے کلو،یں بک رہاہے،ٹوٹاچاول 30روپے اضافے سے 130 روپے کلو اور پونیاچاول 20روپے مہنگا ہو کر 160 روپے کلو میں بکنے لگے۔

 

گرم مصالحہ جات کی قیمت میں 100 سے 200 روپے فی کلو تک اضافہ ہو گیا ہے۔سرخ مرچ کی قیمت بڑھ کر 480 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ دار چینی 760، زیرہ 840، کالی مرچ 1100 روپے فی کلوکی ریکارڈسطح تک پہنچ گئی ہے۔ لونگ 2400، الائچی سبز 3800 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ اسی طرح بڑی الائچی 1600 روپے اور سوکھا دھنیا 340 روپے کلو میں بیچاجارہاہے۔ادرک اور لہسن کی قیمت میں فی کلو 90روپےتک کا اضافہ ہواہے، ٹماٹر بھی 25روپے اضافے کے ساتھ 100روپے کلو تک پہنچ گئے،

 

اسی طرح پیاز کی قیمت میں بھی 30روپے کلو اضافہ دیکھنے کومل رہاہے، مارکیٹ میں پیاز 100روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔آلو بھی 20روپے اضافے کے ساتھ 80 روپے کلو میں فروخت ہورہاہے۔دیگر سبزیوں میں بند گوبھی 20 روپے اضافے کے بعد 110،پھول گوبھی 20 روپے اضافے کے بعد 80،شملہ مرچ 30روپے اضافے کے ساتھ 120روپے کلو تک فروخت ہورہی ہے۔بھنڈی، کریلا، اروی، گھیا کدو،گھیا توری کی قیمتوں میں بھی 10 سے 50روپے فی کلو اضافے کے بعد مہنگائی سے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

 

دکانداروں کا موقف ہے کہ عید الاضحیٰ کے پیش نظر سبزی مافیا نے سبزی سٹاک کرنا شروع کردی اس لیے قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی پرائس کنٹرول کمیٹیاں تاحال غیر فعال ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ سبزیوں کی قیمتوں میں شہریوں کوخاطر خواہ ریلیف مہیاکرنے کےاقدامات کیےجائیں تاکہ عید کے موقع پرعام آدمی بھی بڑی عیدکی خوشیاں مناسکے۔

 

نااہل،بددیانت اور بد نام گروہ نے اقتدار پر قبضے کی سازش کی،عمران خان
عید الاضحی کی آمد سےقبل ’’مصالحہ جات وسبزی مافیا