وزیر اعظم سے پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

وزیر اعظم سے پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(نیا ٹائم) وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیربرائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی سربراہی میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد نے  ملاقات کی ۔

 

ملاقات میں ملکی سطح پر اعلی کوالٹی کا کوئلہ، لوہا اور دیگر قیمتی معدنیات کی تلاش اور نکاسی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اس مقصد کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی تاکہ بجلی کی پیداوار اور دیگر صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال کا زیادہ سے زیادہ حصہ مقامی سطح پر پیدا کر کے ملک کا قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکے۔وزیر اعظم نے اس سلسلے میں تھر اور لاکھڑا میں موجود کوئلے کے ساتھ ساتھ میانوالی اور چنیوٹ میں دریافت شدہ لوہے کے ذخائر سے بھی  بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔

 

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں مائننگ سیکٹر کی ترقی کے لیے عملی تجاویز مرتب کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی  کی اور اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ، وزارت توانائی، وزارت پٹرولیم، وزارت صنعت و پیداوار، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے تمام وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مائننگ سیکٹر سمیت تمام شعبوں کے لیے  اعلی تعلیم یافتہ ماہرین کی تلاش کے لیے وزیر مملکت برائےپٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں ایک  ذیلی کمیٹی بنانے کا بھی حکم دیا۔

 

 

رہنماپی ٹی آئی فرخ حبیب کی حکومت پر کڑی تنقید