این اے 245 ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

این اے 245 ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیاٹائم) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے بعد خالی ہونےوالی این اے 245 کی نشست پر ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 

 الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل شاہد اقبال نے سیکریٹری دفاع کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں نیشنل اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں 27 جولائی کو ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ ہونا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت این اے 245 میں پولنگ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فوج کو تعیناتی کے لیے تیار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حلقے میں تمام سیاسی قوتوں کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن میں حق  لینے کے مساوی مواقع ملنے کیلئے کیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری دفاع 26 جولائی سے 28 جولائی تک حلقے میں مناسب نفری کی ممکنہ تعیناتی کیلئے متعلقہ حکام کواہم  ہدایات جاری کریں۔الیکشن کمیشن نے این اے 245 پر 27 جولائی کو ضمنی الیکشن  کرانے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں الیکشن شیڈول بھی جاری  کیا جاچکا ہے جس کے تحت امیدواروں نے کاغذات نامزدگی بھی وصول کرناشروع کردیئے ہیں۔

 

 خیال  رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عامر لیاقت حسین نے 56 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ  ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار 35 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر آئے تھے۔ اس سیٹ پر تحریک لبیک پاکستان تیسرے، متحدہ مجلس عمل کے امیدوار چوتھے نمبرپررہے تھے۔

 

معیشت وینٹی لیٹر پر اور سیاسی نظام آئی سی یو میں ہے،شیخ رشید