پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا

پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا

لاہور (نیا ٹائم)پیپلز پارٹی پنجاب نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے امیدوار انتخابات سے دستبردار کروانے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے ۔ دونوں جماعتیں ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گی ۔

مسلم لیگ ن  کے رہنما اور صوبائی وزیر عطا تارڑ نے لاہور میں پیپلز پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پنجاب کے ضمنی انتخاب مل کر لڑنے پر راضی ہو گئی ہیں جس کے بعد ہر حلقے میں ہمارے امیدواروں کی پوزیشن بہتر ہو گی ۔

عطا تارڑ نے مزید کہا  مسلم لیگ ن کی حمایت کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کے مشکور ہیں ۔ تمام نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں  گے ۔ ہم پیپلز پارٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر محاذ پر ان کا ساتھ دیں گے ۔ دونوں جماعتوں نے گورننس کے معاملے پر ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی  کا ن لیگ میں انضمام نہیں ہو رہا ، صرف ضمنی انتخابات میں اتحاد ہوا ہے عام انتخابات میں دوبارہ ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے ۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ملک میں حالیہ مہنگائی عمران خان حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھ رہی ہے ۔ تاہم ہم مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں اور عوام کو ریلیف بھی دے رہے ہیں ۔

 

اقتدار کے لیے غیر ملکی طاقت کو سپورٹ نہیں کرتا ، عمران خان