کمشنر بہاولپور کی خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم سے ملاقات

کمشنر بہاولپور کی خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم سے ملاقات

بہاولپور(نیاٹائم)کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے بھور بن مری میں کھیلی جانے والی انٹر ڈویژن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بہاولپور ڈویژن کی خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں نقد انعامات سے نوازا۔

 

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصود الحسن جاوید اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر حمید بھی موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شاباش دی اورعمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے خصوصی کوچنگ کیمپس لگائے جائیں گے اور ان کوچنگ کیمپس میں کوالیفائیڈ کوچ کھلاڑیوں کی تربیت کریں گےنیزکھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئے ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔عرفان علی کاٹھیانے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو سپورٹس سرگرمیوں کے لئے ہر لحاظ سے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا اور سپورٹس انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کے لئے بھی ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

 

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ ڈرنگ سٹیڈیم بہاول پور میں مرکزی پویلین کی ازسر نو تعمیراور اتھلیٹکس کے لئے ٹارٹن ٹریک کا بچھایا جانا بھی نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔نیز نئے تعمیر ہونے والے منصوبہ جات میں فٹسل گراؤنڈ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے مزید بتایا کہ اس سے پہلے سنگاپور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دانش سکول کی طالبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ان میں مقابلے کی فضاء پیدا ہو۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر بہاول پور مقصود الحسن جاوید نے بتایا کہ گرلز ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں بہاول پور کی خواتین نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور فائنل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

 

 

کرک یونیورسٹی کے لیکچررغنی الرحمن نے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرلی