چیف الیکشن کمشنر کا پی پی 167 میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس

چیف الیکشن کمشنر کا پی پی 167 میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس

اسلام آباد (نیا ٹائم)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور میں ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں کمپین کے دوران فائرنگ اور تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔

چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو آئی جی پنجاب سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے آئی جی پنجاب  واقعہ میں ملوث ملزموں کی بلاتفریق گرفتاری یقینی بنائیں ۔

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ آئی جی پنجاب پولیس شفاف انکوائری کروا کے الیکشن کمیشن کو رپورٹ پیش کریں ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب اور انتظامیہ گن کلچر اور تشدد میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹیں ۔ انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی سخت کارروائی کا حکم دیا ہے ۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے پاکستان تحریک انصاف کے شبیر گجر اور ن لیگ کے امیدوار نذیر چوہان کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس بھی جاری کر دیا ہے ۔

دونوں امیدواروں کو 20 جون کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کو 20 جون 12 بجے جبکہ شبیر گجر کو 20 جون 3 بجے دفتر میں طلب کیا ہے ۔امیدواروں کے پیش نہ ہونے کی صورت میں عدم موجودگی میں ہی فیصلہ سنا دیا جائے گا ۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق واقعہ کی فوری اور غیر جانبدارانہ کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا ۔

واضح رہے لاہور میں صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 167 میں ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران پاکستان مسلم لیگ  ن اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں نے ایک دوسرے کے خلاف حملے کا الزام لگایا ہے ۔

 

پنجاب اسمبلی افسران کا ایوان اقبال اجلاس میں پیش ہونے سے انکار