پری مون سون کا سلسلہ 22 جون سے شروع ہونے کا امکان

پری مون سون کا سلسلہ 22 جون سے شروع ہونے کا امکان

کراچی (نیا ٹائم) موسم کا حال بتانے والوں نے پیشن گوئی کی ہے کہ شہر قائد میں پری مون سون کا سلسلہ 22 یا 23 جون سے شروع ہو گا ۔

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں 22 اور 23 جون کے درمیان میں پری مون سون کے تحت ہلکی سے متعدل بارش کا امکان ہے ۔ جبکہ رواں ماہ جون کے آخری دنوں یا جولائی کے ابتدائی دنوں میں مون سون بارشوں کے باقاعدہ آغاز کا بھی امکان ہے ۔

سردار سرفراز نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں کہیں 10 سے 20 فیصد جبکہ کہیں 20 سے 30 فیصد زائد بارشوں کا امکان ہے ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ارلی وارننگ سنٹر کی پیشگوئی کے مطابق ضلع تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم دیہی سندھ کے بعض اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز کے دوران شہر میں موسم گرم و مرطوب رہنے اور مطلع جزوی ابر آلود ہونے کے باعث کچھ علاقوں میں بوندا باندی  کا بھی امکان ہے ۔ اس دوران سمندری ہوائی بھی مکمل طور پر بحال رہیں گی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔ پیر کو شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35٫5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔

 

بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی