ایک عجیب آدمی !

ایک عجیب آدمی !

اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سیاست میں آنے والا پہلا شخص جس نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز اس وقت کیا جب اللہ رب العزت نے اسے دنیا و جہاں کی نعمتوں اور عروج سےنواز رکھا تھا۔

 

دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ اور وطن عزیز کوورلڈ کپ کے اعزاز سےسرفراز کرنے والے کپتان نےزندگی کے پہلے دورمیں کرکٹ کے میدان میں دھاک بٹھائی، پھر دوسرا دورشروع کیا جس میں دوبارہ اللہ رب العزت نے انہیں محبتوں ، دعاوں اورعزتوں سےبے پناہ نوازا، کینسر ہسپتال بنانے کی عظیم جدوجہد ،وطن عزیز کی شاہراہوں پر نکل کر پیسہ پیسہ جوڑ کر اور عالمی سطح پر صاحب زر افرادکو اپنے نیک مقصد میں شامل کر کے اپنے وطن کے باسیوں کیلئے کینسر جیسی عفریت کے چنگل سے نکلنے کا راستہ بنایا۔

 

اس کے بعد ان کی زندگی کا تیسرا دور شروع ہوا، وہ یقینا اس کا بہت بڑا امتحان تھا مگر شاہانہ زندگی بسر کرنے والے نے اپنی قوم کی حالت بدلنے اوراسے غلامی سے نجات دلانےکا بیڑہ اٹھایا ، سیاست میں پہلے سے موجود بادشاہی طرز کی حکومت کرنے والوں کے مقابل آکھڑا ہوا اور کئی سالوں کی حد وجہد ، مشقت اورریاضت کے باعث اللہ رب العزت نے حکومت کا تاج ان کے سر پرسجایا اوراس عجیب آدمی نے پاکستان کی 70 سالہ سیاست اور حکومت کے طرز خو یکسر بدل ڈالا۔

 

اس نے اپنی تجوری بھرنےکے فارمولے کو ساست کی کتاب سے نکال کر وطن عزیز اور قوم کے وقار ، تقدس اور عزت نفس جیسے باب کو شامل کیا،کیونکہ وہ سیاست میں خدمت کے عزم سے داخل ہوا تھا لہذا حکومت کرنے کا نصب العین بھی خود کو مضبوط کرنے کی بجائے اپنے ملک وقوم کو سرفراز اور سر بلند دیکھناتھا۔طاغوتی طاقتوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کی بجائے اس نے ملک و قوم کی خودداری ، عزت نفس اور آزادی کا علم لہرایا۔

 

اس سے پہلے جو وطن عزیز کے مفادات کو پس پشت ڈالے ہوئے تھے اور"جی جناب جیسا آپ چاہیں " کی سوچ رکھنے والوں کو للکار دی اور اپنی قوم کے ہر طبقے کواپنی زندگی خودداری ، آزادی اور عزت نفس کو اول رکھ کر جینے کا عزم دیا ، نہ خود محکوم بنا اور نہ اپنی قوم کو کسی کا محکوم بننے دیا بلکہ ان کو یہ کہنے کی جرآت سکھائی کہ

 

"کیوں ہم کسی کے غلام ہیں "

 

اس نے اپنے لوگوں کے خون کی قدر جانی ، اس نے دنیا کو واشگاف الفاظ میں کہا کہ کیوں ہم دوسروں کی خاطر اپنا خون بہائیں ، کیوں ہم دوسروں کے دست نگر ہو کر زندگی گزاریں ، کیوں ہم اپنے وطن کی آزاد فضاوں کو کسی کا غلام بنائیں !!

 

پاکستان ایک آزاد ، خودمختار اور خوددارریاست کے طور پر قائم ہوا تھا اور انشاءاللہ تا ابد قائم رہے گا ۔ضرورت ہے بس ایک عجیب آدمی کی !

 

 

(نوٹ:مندرجہ بالاتحریربلاگرکاذاتی نقطہ نظرہوسکتا ہے،ادارہ کااس سے متفق ہوناضروری نہیں)