فوج کبھی اپنے لوگوں پرگولی نہیں چلائے گی،شیخ رشید

فوج کبھی اپنے لوگوں پرگولی نہیں چلائے گی،شیخ رشید

 اسلام آباد(نیا ٹائم)سربراہ عوامی مسلم لیگ  شیخ رشیداحمد کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی اور میرے سیاسی اندازوں کے مطابق اکتیس مئی سے قبل  اہم فیصلے آسکتے ہیں۔ 

 

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ  شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو 40 روزپورے ہوگئے  ہیں بلکہ یوں کہیں کہ  انکا چالیسواں پورا ہوگیا ہے۔آج حکومتی اتحادی کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی یہ تب بھی نہیں کرسکتےکیونکہ ان  کاجانا ٹھہر چکا ہے۔وفاق اور صوبہ پنجاب  میں ان کی  صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے جبکہ  بلوچستان میں  بھی عدم اعتماد ہونے جارہی ہے۔سابق وزیر داخلہ  کا کہنا تھا کہ پنجاب میں چوبیس گھنٹوں میں پچس  ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا گیا ہے مگر پھر بھی یہ لوگ سابق وزیر اعظم عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے ۔

 

شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ میرے سیاسی اندازوں کے مطابق  اکتیس مئی سے قبل  اہم فیصلے آسکتے ہیں اور اس میں دو چارروز اوپر نیچے بھی ہو سکتے ہیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان  نےعظیم ازخود نوٹس لیکر نیب،وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی ے )اور اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف )میں ان کے کیسز کے خاتموں کی سازش کو ناکام بنادیا ہے۔یہ لوگ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے مگراب ان کو دوبارہ جیلوں کے منہ دیکھنے ہوں گےکیونکہ یہ اپنے جال میں خود ہی پھنس گئے ہیں۔ جوکھڈا انہوں نے عمران خان کیلئے کھودا تھا اس میں خود ہی گر گئے ہیں۔شیخ رشیداحمد  نے کہا کہ پاکستان کی فوج عظیم جانثار فوج ہے وہ کبھی اپنے عوام  پر گولی نہیں چلائے گی۔

 

 

پی ٹی آئی جلسے میں دلچسپ جملے والا پوسٹر وائرل ہو گیا