عمران خان ملک میں سول وار کروانا چاہتے ہیں ، شہباز شریف

عمران خان ملک میں سول وار کروانا چاہتے ہیں ، شہباز شریف

لاہور (نیا ٹائم)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے عمران خان ملک میں سول وار کروانا چاہتے ہیں ، جو ان کی بڑی بھول ہو گی ، قوم ان کی ہر طرح کی سازش کو ناکام بنا دے گی ۔

لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم عمران نیازی کو کبھی معاف نہیں کرے گی ، تمہارا گریبان ہو گا اور قوم  کا ہاتھ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران نیازی ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے قوم اسے کبھی معاف نہیں کرے گی ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے قوم کا اخلاق تباہ کر دیا ہے ، جو الفاظ انہوں نے استعمال کئے اس سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں ۔ عمران خان نے اخلاق اور سماج کو تباہ کر دیا ہے ، عمران نیازی اپنے دور اقتدار میں دن رات نیب پر سوار رہتا تھا ، میں کوٹ لکھپت جیل میں تو کہا گیا شہباز شریف کو زمین پر سلاو ، کمر درد کے باوجود مجھے بکتر بند گاڑی میں سوار کروایا گیا تاکہ ہچکولے لگنے سے کمر میں مزید درد ہو ۔ میں نے 2018 ء میں بھی کہا تھا کہ چارٹر آف اکانومی کریں لیکن میری اس آفر کو حقارت سے ٹھکرا دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پی کے ایل آئی کے تین سال ضائع ہوئے ۔ ماضی میں بھی اس ہسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا گیا ، شہبا زشریف نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر سعید کو بحال کر دیا گیا ہے ، منصب سنبھالنے کے بعد ہی ڈاکٹر سعید اختر سے رابطہ کیا اور انہیں امریکا سے واپس لے آئے ۔ پی کے ایل آئی میں 50 فیصد مریضوں کا علاج مفت ہو گا ، شہباز شریف نے کہا کہ جن کے پاس کھانے کے پیسے نہیں وہ علاج کہاں سے کروائیں ؟ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد کے علاج سے حاصل ہونے والی آمدن سے غریبوں کا علاج کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی پر 20 ارب روپے خرچ ہوئے ، اس منصوبے میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے ۔ عمران نیازی کو مخالفین کے خلاف کارروائیوں سے ہی فرصت نہیں تھی ، ہسپتال ، سڑکوں اور خوشحالی کے کاموں کیلئے فرصت نہیں تھی ۔ ان کے دور اقتدار میں لاکھوں لوگ بیروزگار ہوئے ، کسی کو ایک نوکری تک نہیں ملی ، نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام کو کوئی سبسڈی نہیں دی ۔ سیکڑوں مریض علاج کی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث اللہ کو پیارے ہو گئے لیکن عمران نیازی پتھر دل ثابت ہوئے اور ان کے لیے کچھ نہ کیا ۔

 

منحرف لیگی رکن اسمبلی نے نشست سے استعفیٰ دیدیا