اتحادیوں نے اجلاس میں حمزہ شہباز پر اعتماد کا اظہار کر دیا

اتحادیوں نے اجلاس میں حمزہ شہباز پر اعتماد کا اظہار کر دیا

لاہور(نیا ٹائم)وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت  پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پر اعتماد کے اظہار کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

 

اجلاس میں پیش کردہ قرارداد میں صوبے کی ترقی کو روکنے اور حکومت کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹیں ڈالنے کے غیر جمہوری اقدامات، گورنر پنجاب  کی تعیناتی کو روکنے کے غیر آئینی اقدامات کی بھی شدیدالفاظ میں  مذمت کی گئی۔قرارداد میں سپیکرپنجاب اسمبلی  چوہدری پرویز الہٰی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے آئین میں مقرر کردہ سات دنوں  کی مدت پر عمل نہ کرنے کے اقدام کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں چوہدری پرویز الہی  کیجانب سے ناجائز اختیارات استعمال کرتے ہوئے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کو روکنے کے غیر آئینی اقدام کی بھی مذمت کی گئی۔

 

اجلاس کے دوران پیش کردہ قرارداد میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی پر عدم اعتماد کا اظہار  بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ  سپیکر کا اپنے عہدے پر رہنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قرارداد  لیگی ایم پی اے  رانا مشہور احمد نے پیش کی جبکہ  تمام ارکان نے ہاتھ اٹھا کر قرارداد کی تائید کی۔ اجلاس میں  پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی اور آزاد ارکان  اسمبلی شریک ہوئے۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی گئی۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں  لیگی نائب صدرمریم نواز کے بارے میں سابق وزیراعظم عمران خان کے نازیبا ریمارکس کی بھی  شدید مذمت کی گئی۔

 

 

عمران خان کا جرم کیا تھا؟شوکت ترین نے بتا دیا