نئے انتخابات کا فیصلہ کرلیں ورنہ گاڑی چھوٹ جائےگی،شیخ رشید

نئے انتخابات کا فیصلہ کرلیں ورنہ گاڑی چھوٹ جائےگی،شیخ رشید

راولپنڈی(نیا ٹائم)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیداحمد کا کہنا ہے کہ اکتیس مئی سے قبل  فیصلہ کرلیں ورنہ گاڑی چھوٹ جائے گی جبکہ  سیاسی فیصلوں میں تاخیرملک کوسیاسی دلدل میں ڈال سکتی ہے۔

 

سابق وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد کا اپنے ایک  بیان میں کہنا  تھا کہ نیشنل سیکورٹی کونسل کوسیاسی اکھاڑا بنانا افواج  پاکستان کوسیاست میں دھکیلنے کی سازش ہے جبکہ سیاسی فیصلوں میں تاخیر ملک کو سیاسی دلدل میں ڈال سکتی ہے۔شیخ رشید نےکہا کہ انتخابات کا مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کرنا ہے یا جوڈو کراٹے سے کرنا ہے۔ نئے انتخابات کرانے کی  گفتگو کا سلسلہ جاری   ہے لیکن اس کوجلداز جلد فائنل کرنا چاہیئے۔ رواں ماہ 31 مئی سے قبل  فیصلے کرلیں ورنہ گاڑی چھوٹ جائے گی۔ جس طرح  تحریک عدم اعتماد کی نااہل پالیسی نے معیشت تباہ کی اسی طرح اب فیصلوں میں تاخیرمزید تباہی لائے گی۔

 

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا  کہ آج وزیراعظم شہباز شریف  اور وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز دونوں سولہ  ارب کے کرپشن کیس میں کورٹ کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ پنجاب میں کوئی حکومت نہیں  جبکہ وفاق  میں بھی  ایک ووٹ پر کھڑی  لنگڑی لولی حکومت ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملکی معیشت پر ہی ملک کے دفاع اورآزاد فارن  پالیسی کا دارومدار ہے۔ ملکی اورغیر ملکی طاقتیں زمینی حقائق سے بے خبرہیں۔توقع ہے کہ کسی بھی دن نگراں حکومت کے قیام اورنئے الیکشنز کی تاریخ کا اعلان ہوسکتا ہے  اور اس حوالے سے پس پردہ کام بھی شروع ہوچکا ہے۔

 

 

ٹیکنیکل جسٹس نے منی لانڈرنگ کے مجرموں کو فائدہ پہنچایا،فواد چوہدری