پنجاب فوڈ اتھارٹی کا راولپنڈی اور جہلم میں کریک ڈاون جاری

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا راولپنڈی اور جہلم میں کریک ڈاون جاری

راولپنڈی(نیا ٹائم) صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا راولپنڈی ریجن میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔راولپنڈی میں 5715 لٹر ملاوٹی دودھ اور 185 لٹر ممنوعہ انرجی ڈرنکس جبکہ جہلم میں 406 کلو مردہ مرغیوں کا گوشت اور 200 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔

 

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب  جدون کے مطابق قواعدوضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 سوڈا واٹر پلانٹس اور 1 ہوٹل کی پروڈکشن بند کر دی گئی ۔جہلم میں کارروائی کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے  چکن شاپ سے 406 کلو مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد کیا اور موقع پر کی گئی جانچ کے بعد مضر صحت گوشت کو تلف کر دیا گیا۔ شعیب  جدون نے  بتایا کہ موٹر وے ٹول پلازہ پر ناکہ لگا کر موبائل لیب کے ذریعے 1,83,500 لٹر دودھ کا معائنہ کیا جبکہ ناقص دودھ سپلائی کرنیوالی 16 گاڑیوں کے مالکان کو بھاری جرمانے کیے گئے ہیں۔

 

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب  جدون  کا مزید کہنا تھا کہ جہلم میں بھی ناقص دودھ سپلائی کرنے والی 1 گاڑی کے مالک کو جرمانہ عائد کر کے  200 لٹر مضر صحت دودھ کو تلف کر دیا گیا  جبکہ حفظان صحت کے ناقص انتظامات پر 10 فوڈ پوائنٹس کا چالان بھی  کیا گیا ہے ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا  کہ مضر صحت خوراک بیچنے والوں کےخلاف صوبہ بھر میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں کیونکہ  عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی غفلت  یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

 

پشاور میں کار پر فائرنگ سے ایس ایچ او شہید