مونس الہی کا وزیراعلی حمزہ شہباز کو منہ توڑ جواب

مونس الہی کا وزیراعلی حمزہ شہباز کو منہ توڑ جواب

لاہور(نیا ٹائم)سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ  ق مونس الٰہی کا وزیر اعلی  پنجاب حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر ردعمل سامنے آگیا۔

 

سابق وفاقی وزیر مونس الہی کا اپنے جاری کردہ بیان میں وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  حمزہ شہباز خود پنجاب میں کابینہ نہیں چاہتے  کیونکہ حمزہ ایسی مرغی ہیں جو سارے انڈوں پر خود ہی بیٹھنا چاہتی ہے ۔مونس الہی نے کہا کہ  حمزہ شہبا ز کو اس بات کا علم ہونا چاہیئے کہ یہ پنجاب ہے ان کا پولٹری فارم نہیں۔وہ تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں جبکہ ہم  پنجاب میں  اس طرح کا  ون مین شو نہیں چلنے دیں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے صاحبزادے  مونس الہی نے کہا کہ حمزہ شہبازصرف  ہوا میں انگلی لہراتے رہتے ہیں مگر صرف انگلی لہرانے سے حکومتیں  نہیں چلا کرتیں۔

 

پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سب محکموں سے میٹنگز اور کابینہ کی غیر موجودگی میں محکموں پر اپنی مرضی کے فیصلےٹھونسنا حمزہ کے ون مین شو ہونے  کا ایک  جیتا جاگتا  ثبوت ہے۔مونس الہی نے کہا کہ اگر وہ واقعی صوبائی  کابینہ کی تشکیل کے لیے  سنجیدہ ہوتے تو جیسے اپنا حلف سپیکر قومی اسمبلی سے اٹھایا تھا وہ اپنی کابینہ کو بھی کسی اور سے اسی طرح حلف دلوا دیتے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کی کرسی پر ایک سیکنڈ کیلئے بھی نہیں بیٹھ سکتے اور اب حمزہ کا وزیراعلیٰ کے منصب پر رہنا بلا جواز اور غیر قانونی ہے۔

 

 

ڈالر کی قدر میں اضافہ،وزیراعظم نے ذمہ داروں کو طلب کر لیا