ڈیرن گف بھی پاکستانی ٹیلنٹ کے گرویدہ نکلے

ڈیرن گف بھی پاکستانی ٹیلنٹ کے گرویدہ نکلے

کراچی(نیا ٹائم)سابق انگلش ٹیسٹ سٹار ڈیرن گف بھی  پاکستانی ٹیلنٹ کے گرویدہ نکلے اور انہوں نے کھل کر پاکستانی ٹیلنٹ کی تعریف بھی کی ۔

 

کرکٹ کی ایک ویب سائٹ کو  خصوصی انٹرویو میں یارکشائرکاؤنٹی کے منیجنگ ڈائریکٹراور سابق انگلش فاسٹ بولر ڈیرن گف  کا کہنا تھا کہ پاکستانی بولر شاہین آفریدی شاندار صلاحیتوں کے حامل بولر ہیں  اور لاہور قلندرز کی کپتانی بھی ان کے لیے ایک خوش گوار تجربہ رہی۔ انھوں نے انتہائی پْرجوش انداز میں  ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی اور  یقینی طور پر مستقبل میں وہ پاکستانی ٹیم کے بھی کپتان بنیں گے۔ڈیرن گف نے کہا کہ پاکستانی پیسر میں صلاحیت ہے کہ وہ سوئنگ کے سلطان  وسیم اکرم کی طرح ایک لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی  کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ حارث رؤف یارکشائر کے سکواڈ میں اچھا اضافہ ثابت ہوئے ہیں اوران کی کارکردگی واقعی قابل تعریف ہے۔

 

سابق انگلش فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ حارث روف  کا طویل فارمیٹ میں تجربہ زیادہ نہیں مگر ٹی 20 کرکٹ میں انھوں نے لاہور قلندرز، میلبورن سٹارز اورعالمی کپ میں پاکستان کے لیے بھی بہترین  پرفارم کیا۔میں یارکشائر کے لیے ان کی دستیابی کا خواہاں تھا اورانھوں نے اپنا انتخاب درست بھی ثابت کیا جبکہ دیگرساتھی کرکٹرز بھی حارث  روف کے گرویدہ ہیں۔ڈیرن گف نے کہا کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک بیٹر ہیں اور وہ تینوں فارمیٹس میں بہترین انداز میں اننگز کو آگے بڑھاتے ہیں تاہم  اس  سال ہونے والا پی ایس ایل  سیون کراچی کنگز کے لیے اچھا نہیں رہا۔اگر دنیا کے بہترین بلے بازوں  کا ذکر ہو تو کین ولیمسن، ویرات  کوہلی،جو روٹ اور بابر اعظم کے نام  ہی ذہن میں آتے ہیں۔

 

 

شاہین آفریدی کی ماڈلنگ کے سوشل میڈیا پرچرچے