موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد (نیا ٹائم  )موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان اور بھارت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، موسمیاتی تبدیلیاں کے باعث پاکستان اور بھارت میں ماضی کے مقابلے میں ہیٹ ویو کا امکان 100 گنا بڑھ گیا ۔

برطانوی محکمہ موسمیات سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے تجزیہ میں کہا ہے کہ قدرتی طور پر اوسط درجہ حرارت سے زیادہ ہونے کی وجہ سے ہیٹ ویو کا سامنا 312 سال میں ایک بار ہوتا ہے ۔ مگر موسمیاتی تبدیلیوں نے قدرتی طریقہ کار کو بدل دیا ہے اور اب برصغیر میں ہر 3٫1 سال بعد ایسا ہو سکتا ہے ۔

اپریل اور مئی 2010ء کو بھی قدرتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے موازنے کو استعمال کیا گیا ہے کیونکہ یہ وہ مہینے ہیں جن میں 1900 کے بعد سے اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

پاکستان اور بھارت میں حالیہ ہفتے کےد وران درجہ حرارت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ، بجلی کی فراہمی پر بھی  دباو بڑھا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور رہنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

جیکب آباد دنیا کے چند گرم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے جہاں 15 مئی کو درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ 14 مئی کو پارہ 50 سینٹی گریڈ تک رہا تھا ۔

دوسری طرف بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی درجہ حرارت 15 مئی کو 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، اس تجزیہ میں بتایا گیا ہے کہ رواں صدی کے آخر تک اس خطے میں ہر 1٫15 سال بعد ہیٹ ویو کا سامنا ہو سکتا ہے ۔

برطانوی سائنسدانوں نے مزید کہا ہے کہ برصغیر میں مون سون سے قبل اپریل اور مئی میں درجہ حرارت بڑھنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ، مگر ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے درجہ حرارت کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جس سے ہیٹ ویو کاامکان 100گنا تک بڑھ گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ 21 ویں صدی کے اختتام تک موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت میں بھی اوسطاً ہر سال اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ پاکستان اور بھارت موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ، جبکہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ ہیٹ ویو کے دوران خطے میں درجہ حرارت نیا ریکارڈ بھی قائم کر سکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں برصغیر کے درجہ حرارت میں بھی معمولی کمی ہوئی ہے مگر رواں ہفتے کے دوران اس میں پھر اضافہ ہو گا ۔ خاص طور پر ہفتے کے اختتام پر درجہ حرارت عروج پر پہنچ جائے گا ۔ کچھ مقامات پر درجہ حرارت 50 سینٹ گریڈ تک بھی پہنچ سکتا ہے ۔

 

کراچی کا موسم گرم رہنے کا امکان