وفاقی حکومت کا نیب کے اختیارات تبدیل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا نیب کے اختیارات تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیا ٹائم)وفاقی حکومت نے سیاستدانوں اور بیورو کریسی کے خلاف نیب کے اختیارات تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

ذرائع کے مطابق کرپشن کے نام پر نیب کارروائی کا دائرہ اختیار تبدیل کرنے کیلئے نیب آرڈیننس میں 31 ترامیم تیار کی گئی ہیں اور کرپشن کیسز میں نااہلی بھی 10 کے بجائے 5 سال کیلئے کی جائے گی اور نااہلی پر 5 سال بعد انتخابات میں حصہ لیا جا سکے گا ۔

مجوزہ ترمیم کے مطابق کرپشن کیسز میں سزا پر اپیل کا حق ختم ہونے تک عوامی عہدے پر تعینات رہا جا سکے گا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے نئی ترامیم میں نیب کا ملزم کو گرفتار کرنے کا اختیار بھی ختم کر دیا گیا ہے اب عدالتی منظوری کے بعد ہی نیب کسی ملزم کو گرفتار کر سکے گی ۔

ذرائع کے مطابق 5 سال سے زیادہ پرانی ٹرانزیکشنز یا اقدام کے خلاف بھی نیب انکوائری نہیں کر سکے گا ۔ثبوت ملزم کے بجائے نیب کو فراہم کرنا ہو گا ورنہ انکوائری شروع نہیں کی جا سکے گی ۔

مجوزہ ترامیم کے تحت وزیر اعظم ، کابینہ ارکان اور کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں پر بھی نیب کارروائی نہیں کر سکے گا جبکہ زیر التواء انکوائریوں اور انڈر ٹرائل مقدمات پر بھی احتساب عدالت سے متعلقہ اتھارٹیز کو منتقل کئے جائیں گے ۔

مجوزہ ترامیم کے تحت سیاستدانوں اور بیورو کریسی کے خلاف مالی فائدہ ثابت کئے بغیر کسی بھی طرح کا کرپشن کیس نہیں بنایا جا سکے گا ۔ سیاستدانوں اور بیورو کریسی کے اچھی نیت پر مبنی فیصلوں پر بھی نیب کارروائی نہیں کر سکے گا ۔

ترامیم میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈڑ کی مشاورت کے بعد صدر مملکت کر سکیں گے ۔ ترمیم کے بعد نیب آرڈیننس کی 7 شقیں بھی ختم کر دی جائیں گی جبکہ نیب ترامیم کا اطلاق 1985 سے کیا جائے گا اور اطلاق زیر تفتیش اور انڈر ٹرائل مقدمات پر ہی ہو گا ۔

دوسری طرف ذرائع کے مطابق مجوزہ ترامیم کے مسودے پر اتحادی جماعتوں اور پاکستان تحریک انصاف سے بھی مشاورت کی جائے گی ۔

حکومتی اتحادیوں اور پاکستان تحریک انصاف سے مشاورت کے بعد حتمی مسودہ کابینہ کو ارسال کیا جائےگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ترامیم سے پاکستان تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سب سے زیادہ ریلیف حاصل کریں گی ۔

 

منحرف ارکان کی نااہلی ، صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ سنا دیا