ملک بھر میں شدید گرمی کا راج ، درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا

ملک بھر میں شدید گرمی کا راج ، درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا

اسلام آباد (نیاٹائم)سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کا راج ہے ، سیالکوٹ اور نواب شاہ میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور جھنگ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور سرگودھا میں 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ، اسلام آباد ، حیدر آباد ، رحیم یار خان اور فیصل آباد میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا ۔

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28٫5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا ۔ لاہور میں بھی شدید گرمی کا راج رہا اور درجہ حرارت 40 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم موسم ابر آلود رہنے اور ہوائیں چلنے کے باعث ہیٹ ویو میں وقتی طور پر کمی دیکھی گئی ہے ۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں سارا دن گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں ۔ جبکہ شام کے اوقات میں کئی شہروں میں جھکڑ بھی چلے ۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 18 مئی کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی نئی لہر شروع ہو گی اور درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شہری خود کو ہیٹ ویو سے محفوظ رکھنے کیلئے پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بلا ضرورت گرمی میں نکلنے سے پرہیز کریں ۔

 

گرمی کی شدت کب تک رہے گی، محکمہ موسمیات نے بتادیا