ملک بھر میں گرمی کا راج ، سورج آگ برسانے لگا

ملک بھر میں گرمی کا راج ، سورج آگ برسانے لگا

اسلام آباد (نیا ٹائم )  ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج برقرار ہے ، سورج سوا نیزے پر آ گیا ۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت شدت مئی کے آخر تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کر دیا ۔

آج دن بھر میں گرمی کی سب سے زیادہ شدت سبی ، دادو اور لاڑکانہ میں رہی جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدر آباد ، سرگودھا میں پارہ 47 ، فیصل آباد ، لاہور اور ملتان  میں درجہ حرارت 46 ریکارڈ کیا گیا ، شیخوپورہ 44 ، اسلام آباد میں43 جبکہ کراچی میں 42 ، پشاور میں درجہ حرارت 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ گرمی کی لہر اگلے ہفتے بھی جاری رہے گی اور 14 سے 17 مئی کے دوران گرمی کی لہر میں معمولی کمی کی توقع ہے ۔ جبکہ 18 مئی کے بعد سے بیشتر علاقوں کا درجہ حرارت دن کے اوقات میں بڑھنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 مئی سے درجہ میں 7 سے 9 ڈگری تک اضافے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کے باعث آبی ذخائر ، فصلوں ، سبزیوں اور باغات کیلئے پانی کے بحران کا بھی خطرہ درپیش ہو سکتا ہے ۔ زیادہ درجہ حرارت کے باعث توانائی اور پانی کی کھپت میں بھی اضافے کا امکان ہے ۔ کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دیں جبکہ مویشیوں اور پالتو جانوروں کی خوراک اور پانی کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھا جائے ۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ درجہ حرارت کے باعث ہیٹ سٹروک بھی ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے شہری بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور باہر نکلتے ہوئے احتیاط کریں ۔

 

گرمی نے کراچی میں ڈیرے ڈال لیے